Education & Career ایجوکیشن / کیریئر

سوال : تلنگانہ ریاست میں ایک لاکھ سے زائد سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا اعلان ہوا ؟ طریقہ کا کیا ہوگا ؟ اس بارے میں وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے ایک لاکھ 7 ہزار جائیدادوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اعلان کیا اس کا طریقہ کار کیا ہوگا ؟ حد عمر میں 5 سال کی رعایت کی بات بھی کہی گئی براہ کرم اس بارے میں وضاحت کے ساتھ مشورہ دیجئے تو کئی بے روزگار نوجوانوں کی مدد ہوگی ؟

کئی امیدوار ۔حیدرآباد / اضلاع
جواب : چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ نے ایک لاکھ سات ہزار سرکاری محکمہ جات میں جائیدادوں کو مخلوعہ قرار دیتے ہوئے ان پر تقررات کیلئے سبز جھنڈی دکھائی اور اس کا اعلان کردیا اس کیلئے جو محکمہ جاتی امور طے پائے ہیں اس کیلئے دو تین یا پانچ ماہ کا وقت درکار ہوسکتا ہے ۔ نئی ریاست کا تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کا قیام ہوگا اور مختلف محکمہ جات کیلئے ضلعی سطح پر تقررات کیلئے DSC ڈسٹرکٹ سلکشن کمیٹی بنائی جائے گی ۔ حصول ملازمت کا طریقہ کار تحریری مسابقتی امتحان ہوگا ایس ایس سی ، انٹرمیڈیٹ ، ڈگری اور پروفیشنل امیدوار اپنی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے اہلیت کو دیکھتے ہوئے اعلامیہ جاری کرنے پر تاریخ کے مطابق فارمس داخل کریں اور امتحانات میں شریک ہو ۔ اب جبکہ اعلان ہوچکا ہے تو جنرل نالج ، ریاست کی معلومات عامہ ، ذہنی رحجان ، ابتدائی ریاضی اور عام مسابقتی امتحانات کے نمونہ سوالات کے مطابق تیاری کریں۔
سوال : اگر کوئی ڈگری تین سالہ کورس بی اے ، بی کام کرنا چاہے تو اس کیلئے اوپن یونیورسٹی اور فاصلاتی تعلیم میں کیا بہتر ہوگا ۔ ان کے فرق کے وضاحت کے ساتھ مشورہ دیجئے ؟

محمد اکرم الدین ۔ بودھن ضلع نظام آباد
جوابی : ڈگری تین سالہ انڈر گریجویشن کورس چاہے ریگولر میں کریں یا اوپن سسٹم سے کریں یا فاصلاتی تعلیم Distance سے کریں اس کی قدر و قیمت Value برابر ہے اب آپ نے اوپن یونیورسٹی اور فاصلاتی تعلیم سے ڈگری کے فرق کی بات پوچھا ہے اس میں مماثلت میں کوئی فرق نہیں ہے البتہ داخلے کے طریقہ کار الگ الگ ہیں اوپن یونیورسٹی میں بغیر تعلیمی قابلیت کے عمر کی بنیاد پر اہلیتی امتحان کے ذریعہ داخلہ دیا جاتا ہے جبکہ فاصلاتی تعلیم Distance Edu میں یہ طریقہ نہیں ہے بلکہ اس کیلئے انٹرمیڈیٹ (10+2) کامیاب ہونا ضروری ہے اس کے علاوہ اوپن یونیورسٹی کی تعلیم بھی فاصلاتی تعلیم کی طرح ہیں۔
سوال : ایس ایس سی کے زبان دوم تلگو میں کامیابی کیلئے سابق کے 20 نشانات بحال کردیئے گئے اعلان ہوا ۔ کیا اس کا جی او جاری ہوا ۔ اس بارے میں اطلاع دیتے رہے تو کئی امیدواروں کو معلوم ہوگا اور امتحان کی تیاری میں مدد ملے گی ابھی تک 35 نشانات کی اطلاع ہے اور انٹرنل نشانات 20 بھی ہیں اس بارے میں وقتاً فوقتاً اطلاع شائع کرتے رہے ؟

سید وقار علی ۔ مراد نگر ، حیدرآباد
جواب : تلنگانہ سرکار نے ریاست میں ایس ایس سی کے زبان دوم تلگو کے امیدواروں کو کامیابی کیلئے اقل ترین نشانات سابق کی طرح 20 کردینے کا اعلان کیا ۔ اسمبلی میں چیف منسٹر اور کونسل میں وزیرتعلیم نے اعلان کردیا اس کیلئے صرف جی او سرکاری احکامات جاری ہونا ہوگا ۔ اس کیلئے وقت درکار ہے ۔ اندرون ہفتہ عشرہ اس کا جی او جاری ہوجائے گا ۔ اب طلبہ ، اساتذہ پوری یکسوئی کے ساتھ امتحان کی تیاری جاری رکھیں اور 20 نشانات برقرار رہے گا ۔ ایس ایس سی کے انٹرنل نشانات 20 اور بورڈ کے امتحانات 80 ہیں دیگر مضامین میں 35 ہیں اس تناسب سے 20:80 کے تلگو میں 35 کے بجائے 20 دیکھا جائے گا ۔ تلگو زبان دوم کے تلگو کو اب گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے وہ حسب سابق 20 نشانات کے حصول پر کامیاب ہونگے ۔
سوال : تعلیمی معلومات اور روزگار کے مواقع سے وقفیت کیلئے آپ اپنے کالم میں مضامین شائع کررہے ہیں اس سے کئی افراد مستفید ہورہے ہیں آپ اپنے کالم میں نئی نسل کے طلبہ برادری کو اسکولی سطح پر اخلاق ، بڑوں کا احترام اور ڈسپلن پر بھی توجہ دینے کیلئے رائے مشورے اور اہم نکات قلمبند کریں تو نئی نسل کی اصلاح ہوگی ان میں بدلاو آئے گا اور بااخلاق ہونگے ؟

علی مرزا اور فراز ۔ فلک نما حیدرآباد
جواب : یہ حقیقت ہیکہ آج کے طلبہ میں اخلاق گراوٹ ہوگئی اور بڑوں کا اساتذہ کا ادب و احترام ختم ہوگیا ہے ۔ جبکہ مشہور کہاوت’ باادب بانصیب اور بے ادب بے نصیب ‘اس طرح ادب سے قسمت کو جوڑا گیا ہے آج بے ادبی بے حیائی ، بداخلاقی عام ہوگئی ہے ۔ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ ان میں تعلیم کے ساتھ ادب و احترام اخلاق و تہذیب کو سکھانے کیلئے تربیت دیں ۔ نفسیاتی پہلو بتائیں اور باڈسپلن بنائیں ، گھر کے ماحول اور والدین کی بھی اخلاق بنانے کی برابر ذمہ داری ہے ۔ بچہ اپنا زیادہ تر وقت گھر میں گذارتا ہے گھر اور اس کے اطراف کا ماحول بھی اس کے بگڑنے اور سدھار میں اہم عنصر ہوتا ہے ۔ اس لئے ماحول کی بھی بڑی اہمیت ہے ۔ اسکول میں اچھے باتیں سیکھنے کے بجائے اگر کوئی تعلیم میں اخلاقیات سکھائیں بڑے بن کر اس کو اچھا شہری بننے کے ساتھ ایک اچھا انسان بنے اور اخلاق کردار سے بھی اس کی شخصیت کی پہچان ہوگی ۔