EAMCET اب 15 مئی کو ہورہا ہے، اس کے ہال ٹکٹ اور NEET کی اطلاع شائع کریں
سوال : تلنگانہ کا ایمسٹ 2 مئی سے ملتوی کیا جاکر اب 15 مئی کو رکھا جارہا ہے اس کیلئے نئے امتحانی مراکز بنانے کی اطلاع ہے ۔ براہ کرم ہال ٹکٹ کے اجرائی اور مرکز کے قومی سطح امتحان NEET کی اطلاع شائع کریں تو بے شمار طلباء اور اولیائے طلبہ کی بے چینی دور ہوگی ؟
کئی طلبہ اور سرپرست ۔ حیدرآباد / اضلاع
جواب : تلنگانہ ایمسٹ 2 مئی سے ملتوی ہوا تھا اب حکومت نے نئی تاریخ 15 مئی اتوار کو مقرر کی ہے اور اس کیلئے ہال ٹکٹ بھی نئے جاری ہونگے ۔ امتحانی مراکز بھی بدل جائیں گے ۔ امیدوار ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے ہال ٹکٹ نمبر اور امتحانی مرکز کو ملاحظہ کرتے ہوئے اس کے مطابق شرکت کریں ۔ NEET کے متعلق اے پی اور تلنگانہ ریاستوں کو مستثنی قرار دینے کیلئے حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی ۔ طلبہ اور سرپرستوں کو مشورہ ہیکہ وہ ایمسٹ کی تیاری چاہے انجینئرنگ کی ہو یا میڈیسن کی پوری یکسوئی کے ساتھ کریں ۔ جو بھی تبدیلیاں ہوئی یا نئے شرائط آئیں گے ان کیلئے احکامات کو ملاحظہ کریں ۔ NEET – 1 تو یکم مئی کو ہوچکا اب NEET – 2 ، 24 جولائی کو ہونا ہے ۔ اس کے بارے میں فی الوقت طالب علم کوئی الجھن میں نہ جاتے ہوئے صرف ایمسٹ کی تیاری کریں اور اچھے اسکور حاصل کرتے ہوئے ذریعہ کونسلنگ داخلے حاصل کرسکتے ہیں اور سرپرست بھی حکومت کے احکامات سے واقفیت حاصل کرتے رہے ۔
TET کے بار بار التوا کے بعد اب قطعی طور پر 22 مئی کو ہوگا
سوال : TET ٹیٹ امتحان ریاست تلنگانہ میں ابھی تک نہیں ہوا ۔ یکم مئی کو مقرر کردہ امتحان ہال ٹکٹ کے اجرائی کے بعد بھی ملتوی ہوا کیا اب قطعی طور پر 22 مئی کو ہوگا اور اس کیلئے کیا پرانے ہال ٹکٹ کارآمد رہیں گے اس ضمن میں معلومات اور رہنمائی کریں ؟
عروج فاطمہ ، عائشہ ، رفیعہ ۔ اعظم پور ، حیدرآباد
جواب : TET بار بار التواء کیا گیا لیکن حکومت سنجیدگی کے ساتھ یہ ہر قیمت اس ٹیچرس کے اہلیتی امتحان کو اب 22مئی کو منعقد کرے گی ۔ اس امتحان کیلئے جس کا گزشتہ 3 برسوں سے انتظار تھا لگ بھگ 3 لاکھ 50 ہزار امیدوار شرکت کررہے ہیں ۔ اس کیلئے نئے امتحانی مراکز بنائے جارہے ہیں اور ہال ٹکٹ بھی نئے جاری کئے جائیں گے ۔ جس کو ہر امیدوار کو پھر سے ویب سائیٹ سے ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا ۔ امیدوار امتحان کی تیاری جاری رکھیں ۔ دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس میں گائیڈس حاصل کرسکتے ہیں ۔
لڑکیوں کیلئے CA کورس اور انٹرمیڈیٹ
میں کامرس گروپ
سوال : CA چارٹرٹ اکاؤنٹنٹ کورس لڑکیوں کیلئے کیسا رہے گا ۔ اور انٹرمیڈیٹ میں کامرس کے ساتھ کیا میاتھس بھی لے سکتے ہیں ؟
خدیجہ فاطمہ ۔ مغلپورہ
جواب : انٹرمیڈیٹ کے کسی بھی گروپ کے امیدوار CA کے پہلے مرحلے کے امتحان CPT کیلئے اہل ہیں لیکن کامرس اسٹریم میں CEC یا MEC کرنے سے کافی مدد ملتی ہے ۔ لڑکیوں کیلئے اگر انٹرمیڈیٹ میں CEC یا MEC کے ساتھ اگر وہ CPT کی تیاری کریں تو دو سال کے انٹرمیڈیٹ کی تکمیل کے ساتھ ہی وہ CA کے پہلے مرحلہ کا امتحان CPT لکھ سکتے ہیں ۔ اقلیتی طبقہ کی لڑکیوں کو جو CAاور CPT کے خواہشمند ہیں وہ 8978888645 پر تبسم میڈم سے رابطہ کریں۔
سرکاری ملازمتوں کیلئے ہونے والے امتحانات اور اس کیلئے رجسٹریشن
سوال : سرکاری ملازمتوں کیلئے ہونے والے مسابقتی امتحانات کون کونسے ہیں اور اس کیلئے کون اہل ہیں براہ کرم مختلف امتحانات کی معلومات شائع کریں تو بڑی نوازش ہوگی ؟
محمد محبوب / کلیم صدیقی ۔ ظہیرآباد
جواب : تلنگانہ حکومت کے ریاستی محکمہ جات میں تقررات کیلئے TSPSC تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کے تحت امتحانات ہوتے ہیں ۔ سال 2015 میں 17 اعلامیہ جاری ہوئے اور اس کے امتحانات ہوئے اس میں گروپ II کے امتحانات جو 24 اپریل اور 25 اپریل کو تھے وہ ملتوی ہوچکے گروپ II کے امتحانات ہونا ہے ۔ اسی دوران TSPSC نے سال 2016 کے اعلامیہ نمبر 04 ، 05 اور 06 بھی جاری کردیا اس کیلئے TSPSC کے ویب سائیٹ پر 4 مئی سے فارم آن لائن داخل کرنا ہے ۔ اس دوران محکمہ برقی کے Genco ، Transco میں بھی نوٹیفیکشن ہوئے اور اس کے امتحانات بھی ہوچکے اب تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹربیویشن کمپنی میں بھی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات ہونے والے ہیں عنقریب اس کا اعلامیہ جاری ہوگا امیدوار اعلامیہ میں تعلیمی قابلیت ، اہلیت شرائط کو دیکھ کر فارم داخل کریں۔ امیدوار TSPSC کیلئے OTR رجسٹریشن کروائیں۔