۔2019 میں بی جے پی کو شکست ہوگی : ٹی ایم سی

نئی دہلی 20 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس نے آج ادعا کیا کہ بی جے پی کو 2019 لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کے خلاف شکست ہوگی ۔ اپوزیشن جماعتیں ہر حلقہ میں راست مقابلہ کیلئے آپس میں اتحاد کرینگی اور برسر اقتدار جماعت ابھی سے اپنی حلیف جماعتوں کا اعتماد کھوچکی ہے ۔ لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ٹی ایم سی لیڈر سوگتا رائے نے کہا کہ اس تحریک کو بی جے پی کی سابقہ حلیف تلگودیشم نے پیش کیا ہے جبکہ این ڈی اے کی موجودہ حلیف شیوسینا نے تحریک کے خلاف ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایک اور سابقہ حلیف بی جے ڈی نے بھی مباحث کے آغاز سے قبل ہی واک آوٹ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عدم اعتماد پہلے ہی پیدا ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعوی کرسکتے ہیںکہ 2019 میں بی جے پی کو شکست ہوگی ۔ ہر حلقہ میں راست مقابلہ ہوگا ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنی عوامی تقاریر کے ذریعہ سیاسی اختلاف کو پستیوں میں ڈھکیل دینے کا الزام عائد کیا اور ادعا کیا کہ کسانوں کی بھلائی کے پروگراموں کا جو اعلان کیا گیا ہے وہ محض دکھاوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کی وجہ سے 25 لاکھ ملازمتیں ختم ہوگئیں اور صرف 16 ہزار کروڑ کے کالے دھن کا پتہ چلا ہے ۔