سڈنی 10 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نئے بیٹنگ اسٹار صہیب مقصود نے کہا ہے کہ وہ ملتان سے تعلق رکھنے والے اپنے ماضی کے اسٹار انضمام الحق جنہوں نے 1992 میں منعقدہ ورلڈ کپ میں پاکستان کو عالمی چیمپئن بنانے میں جو کردار ادا کیا تھا وہ کردار 2005 ورلڈ کپ میں دہرانا چاہتے ہیں۔ مقصود کا تعلق بھی ملتان سے ہی ہے اور انضمام الحق کی طرح مقصود بھی پاکستانی ٹیم کیلئے نئے کھلاڑی ہی ہے ۔ مقصود جنہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف گذشتہ منعقدہ وارم اپ مقابلے میں پاکستان کو تین وکٹوں سے کامیابی دلوانے میں ناقابل تسخیر 93 رنز کی اننگز کھیلی تھی ۔ مقصود نے کہا ہے کہ وہ ابھی بھی یو ٹیوب پر انضمام الحق کی اُن اننگز کو دیکھتے ہیں جو انہوں نے 92 کے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو جیتوانے کیلئے کھیلی تھی ۔ مقصود کے بموجب انضمام ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور اگر وہ اس عظیم کھلاڑی کے مظاہروں کے قریب بھی پہنچ پاتے ہیں تو خود کو ایک اعزاز تصور کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انضمام الحق کو دیکھتے ہوئے وہ بڑے ہوئے ہیں اور انضمام کی طرح کی ٹیم کیلئے مظاہرے کرنا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ 92 کے ورلڈ کپ میں انضمام 22 سال کے تھے اور انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 37 گیندوں میں 60 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔