واشنگٹن، 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) سرطان جیسے جان لیوا مرض میں مبتلا 91 سالہ امریکی خاتون ہیریت تھامپسن نے میراتھن دوڑ میں شرکت کرکے امریکی تاریخ کی دوسری عمر رسیدہ خاتون کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ہیریت نے اس سے پہلے کے ریکارڈ کو توڑتے ہوئے یہ فاصلہ سات گھنٹوں میں مکمل کیا۔ گزشتہ 16 برس میں وہ 15 مرتبہ ایسی دوڑ میں شرکت کر چکی ہیں۔ سینڈیاگو میں دوڑ سے پہلے ایک اخبار سے گفتگو میں انھوں نے کہا، ’’اکثر اوقات، میں دیکھتی تھی کہ لڑکیاں آتیں اور اکثر لڑکھڑا جاتیں۔ میرے خیال میں یہ بہت اچھا ہے کہ میں نے ایسا کچھ نہیں کیا۔‘‘ ہیریت نے 76 سال کی عمر سے میراتھن میں حصہ لینا شروع کیا لیکن کینسر کی وجہ سے گزشتہ سال وہ اس دوڑ میں شرکت نہیں کرسکیں۔ حال ہی میں ہیریت جلدی سرطان کے علاج کے عمل سے گزریں اور وہ گیارہ دنوں میں 9 مرتبہ ’’تابکاری طریقہ علاج” کے مرحلے سے گزریں۔ عمر رسیدہ خاتون کے بھائی رواں سال لوکیمیا کے مرض سے ہلاک ہوئے تھے اور ہر سال دوڑ میں ان کی شرکت کی وجہ ’’لوکیمیا اور لیمفوما سوسائٹی‘‘ کیلئے امداد جمع کرنا ہے۔ ہیریت نے کہا کہ اگر وہ زندہ رہیں تو آئندہ برس بھی سینڈیاگو میں ہونے والی میراتھن میں شرکت کریں گی۔