جوہربہرو(ملائیشیا)۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کھلاڑیوں نے 120,000 امریکی ڈالرس انعامی رقم کے ملائیشین گرانڈ پری گولڈ میں بہتر آغاز کرتے ہوئے مرد اور خاتون زمرے کے دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ہندوستان کے لئے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں 8 ویں درجہ کے سوربھ ورما جنہوں نے ٹاٹا اوپن آسٹرین انٹرنیشنل چیلنج اور ایران فجر انٹرنیشنل چیلنج خطابات حالیہ عرصہ میں ہی حاصل کئے ہیں،
اپنے پہلے راؤنڈ میں ہانگ کانگ کے یان کٹ چان کو صرف 31 منٹوں میں 21-12 ، 21-17 سے شکست دی۔ 21 سالہ ورما 2011ء میں قومی چمپین بھی رہ چکے ہیں، ان کا دوسرے راؤنڈ میں مقابلہ 2006ء ملبورن کامن ویلتھ گیمس کے براؤن مڈلسٹ اور ہم وطن کھلاڑی چیتن آنند سے ہوگا جنہوں نے انڈونیشیا کے قیصر اکبر کو 21-11 ، 21-14 سے شکست دی۔ دیگر مقابلوں میں چھٹے درجہ کے آر ایم وی گرو سائی دت نے ہم وطن گورو وینکٹ کو 21-7 ، 21-8 سے شکست دی۔