9 ہزار رنز کی تکمیل‘کک نے سچن کو پیچھے چھوڑدیا

ہیڈنگلے ۔4 جون (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کیخلاف ہیڈنگلے ٹسٹ کے آخری دن انگلش کپتان الیسٹر کْک مہمان ٹیم کے خلاف اپنی ٹیم کو کامیابی تو نہ دلا سکے لیکن دوسری اننگز میں 56 رنز کے دوران انہوں نے 9 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے 13ویں اور انگلینڈ کے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں جہاں انہوں نے اسی ٹسٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ کْک یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بیٹسمین بن گئے ہیں جہاں انہوں نے 30 سال 159 دن میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔اس سے قبل یہ ریکارڈ ہندوستانی سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کے نام تھا جنہوں نے 30 سال اور 253 دن میں 9 ہزار رنز بنائے تھے۔ 9 ہزار بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں صرف کْک اور تنڈولکر ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے 31 سال کی عمر میں پہنچنے سے پہلے یہ ریکارڈ بنایا۔یہی نہیں بلکہ کْک تنڈولکر کے متعدد ریکارڈ بھی خطرے میں ڈال چکے ہیں اور اگر وہ مزید چند برس کھیلتے ہیں تو یقینی طور پر تنڈولکر کو کئی اور اعزازات سے محروم کر سکتے ہیں۔