83 ہزار ڈالرس انعامی رقم حاصل کرنے والا خوش نصیب شائق

ہملٹن۔ 8؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ یہاں ہملٹن میں میزبان نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان منعقدہ پانچویں ونڈے کے دوران میدان میں موجود شائقین میں وہ خوش قسمت شخص بھی موجود تھا جس نے میدان کے باہر کھلاڑی کا کیچ پکڑتے ہوئے ایک لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر انعامی رقم جوکہ تقریباً 83 ہزار امریکی ڈالر کے مماثل ہے، حاصل کرلیا۔ یہ ایک اشتہاری مہم کا حصہ تھا جس میں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ جو کوئی اس کی تشہیری نارنجی رنگ کی ٹی شرٹ پہنتے ہوئے میدان کے باہر شائقین میں کسی کھلاڑی کا کیچ ایک ہاتھ سے پکڑتا ہے تو اسے ایک لاکھ نیوزی لینڈ ڈالرس دئے جائیں گے۔ مائیکل مورٹن نامی مقامی شائق نے یہ انعامی رقم اُس وقت حاصل کرلی، جب اس نے ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کیرن پاول کی جانب سے لگائے جانے والے چھکے کو ایک ہاتھ سے کیچ میں تبدیل کیا۔ انعامی رقم کا مستحق قرار دئے جانے کے بعد اسکائی نیوز سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل یقین ہے، کیونکہ میں اپنے والد کے بازو میں بیٹھ کر میچ کا مشاہدہ کررہا تھا اور جب گیند میری طرف آرہی تھی تو میں نے اس کو پکڑنے کی کوشش کی اور یہ کیچ میں تبدیل ہوگئی۔ جب سے سے سوال کیا گیا کہ جس طرح انھوں نے ایک ہاتھ سے کیچ پکڑا ہے تو کیا وہ کرکٹر بننا پسند کریں گے؟ تو انھوں نے کہا کہ ہاں، شاید۔

یوکی آسٹریلین اوپن کوالیفائر سے باہر
ملبورن۔ 8؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستانی ٹینس اسٹار یوکی بھامبری آسٹریلین اوپن کوالیفائر کے پہلے مقابلہ میں کامیابی حاصل نہیں کرپائے اور وہ آج 28 ویں مقام پر فائز اطالوی کھلاڑی پوٹیٹو اسٹاریس کے خلاف شکست برداشت کرتے ہوئے ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔ 21 سالہ ہندوستانی کھلاڑی نے پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود مقابلہ میں شاندار واپسی کی، لیکن ایک گھنٹہ 45 منٹ طویل مقابلہ میں انھیں 3-6، 6-1، 2-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔