80 سالہ شہر یار خان پھر چیئرمین

کراچی۔19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سابق سفارت کار اور پی سی بی کے سابق چیئر مین شہریار خان بلامقابلہ پاکستان کر کٹ بورڈ کے نئے چیئر مین منتخب ہوگئے۔کوئی ان کے مقابلے پر نہیں آیا۔ پی سی بی کے چیئرمین کا الیکشن نئے آئین کے تحت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقد ہوا جس میں الیکشن کمشنر کے فرائض قائم مقام چیئرمین پی سی بی جسٹس (ر) سائر علی نے سر انجام دیئے۔ چیئر مین کے انتخاب میں ووٹ ڈالنے والے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرس میں کراچی ریجن کے پروفیسراعجازفاروقی ،اسلام آباد ریجن کے شکیل شیخ ،پشاور ریجن کے گل زادہ ،نیشنل بنک کے ممبر اقبال قاسم ،سوئی نادرن پائپ لائن لمیٹڈ سے امجد لطیف ،یونائیٹڈ بنک سے منصور مسعود خان ،واپڈا سے یوسف نسیم کھوکھر جبکہ وزیر اعظم کی طرف سے نامزدکئے گئے بورڈ آف گورنرز کے ممبر نجم سیٹھی شامل تھے۔شہر یار خان دوسری مرتبہ پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔کامیابی کے بعد چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے گورننگ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی اور ممبران کو ملک میں کرکٹ کی ترقی کے لئے اپنی ترجیحات سے آگاہ کیا۔80 سالہ شہریار خان دوسری مرتبہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بنے ہیں۔