8 ویں جماعت کامیاب ماں کے 3 بچے آئی اے ایس آفیسرس

روہتک 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کا خواب جب پورا ہوتا ہے تو یقینا والدین کو خاص کر ماں کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں ہوتی۔ ہریانہ کے علاقہ روہتک میں آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والی مایا دیوی ایک پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والد وشوا بندھو کسان تھے۔ اُنھوں نے آج اپنے 3 بچوں کو آئی اے ایس آفیسرس ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔ تمام عمر جدوجہد کے بعد کسی طرح سے اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لئے دہلی روانہ کیا تھا۔ آج وہ دنیا کی سب سے خوش نصیب خاتون اور ماں بن گئی ہیں۔ چہارشنبہ کے دن یونین پبلک سرویس کمیشن نے نتائج کا اعلان کیا تھا۔ انھیں معلوم ہوا کہ ان کی دختر پوجا اور ان کے فرزند لوک بندھو نے آئی اے ایس کا امتحان کامیاب کرلیا ہے جس کے بعد برسوں کے خواب کی تعبیر ہوگی۔ مایا دیوی کی بڑی دختر کرانتی نے پہلے ہی یو پی ایس سی امتحان کامیاب کرلیا ہے۔ اب وہ ممبئی میں انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہی ہیں۔ مایا دیوی نے بتایا کہ جب ان کی بڑی بیٹی 5 ویں جماعت میں پڑھ رہی تھی تب ہی اُنھوں نے تہیہ کرلیا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو آئی اے ایس آفیسرس بنائیں گی۔