آنند دوڈمنی کرناٹک پریمیئر لیگ کیلئے منتخب

حضرت سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی اور حضرت سید علی الحسینی کی مبارکباد

کلبرگی26جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب ارشد حسین کرکٹ کوچ کے بی این کرکٹ اکیڈ می کلبرگی کے صحافتی بیان کے بموجب اس اکیڈ می کے مشہور کھلاڑی اور بالر آنند دوڈمنی کو کرناٹک پریمیئر لیگ کے لیئے منتخب کرلیا گیا ہے ۔آنند دوڈ منی لیفٹ آرم اسپینر ہیں ۔وہ 2008سے کے بی این کرکٹ اکیڈمی کے لئے میاچیس کھیل رہے ہیں۔انہوںنے کرناٹک اسٹیٹ فرسٹ ڈویژن کے 11میاچیس میں اس سال 44وکٹ لئے ہیں۔انڈر 19کی کرناٹک کی ٹیم کے لئے بھی وہ پچھلے دو سال سے کھیلتے رہے ہیں۔اس کے علاوہ دوڈمنی رائچور ژون کے لئے بھی گزشتہ 6برس سے کرکٹ میا چوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔جناب ارشد حسین نے بتایا کہ آنند دوڈ منی نہایت غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ان کی والدہ شاہ آباد میونسپالیٹی کے لئے جاروب کشی کی خدمات انجام دیتی ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ خواجہ ایجو کیشن سوسائٹی کے نائب صدر حضرت سید علی الحسینی صاحب نے آنند دوڈمنی کی بہترین کھیل کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے انہیں تمام ضروری اشیاء پر مشتمل کرکٹ کڈبیاگ سے نوازا ہے ۔اس بار دوڈ منی کرناٹک پریمیئر لیگ کے لئے میسور واریئرکی جانب سے منتخب ہوگئے ہیں۔اس غریب لڑکے کی خواجہ ایجو کیشن سوسائٹی کی جانب سے ہمیشہ ہمت افزائی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ خواجہ ایجو کیشن سوسائٹی کے صدر و درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کے سجادہ نشین تقدس مآب حضرت ڈاکٹرسید شاہ گیسو دراز خسروحسینی صاحب قبلہ جو خود بھی کرکٹ کے زبردست شیدائی ہیں ، وہ ہمیشہ ہونہار غریب کھلاڑیوں کی ہمت افزائی کرتے رہے ہیں۔کرناٹک پریمیئر لیگ کے لئے منتخب ہونے پر حضرت ڈاکٹرسید شاہ گیسو دراز خسروحسینی صاحب قبلہ اور آپ کے فرزند ِ اکبر حضرت سید علی الحسینی نائب صدر خواجہ ایجو کیشن سوسائٹی وجانشین حضرت سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ گلبرگہ کے علاوہ سوسائٹی کے دیگر عہدیداران اوراساتذہ نے آنند دوڈمنی کو مبارکباد دی ہے۔