نئی دہلی ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا کے 162 ارکان نے ان کے خلاف فوجداری مقدمات کا اعتراف کیا ہے جن میں 76 انتہائی سنگین الزامات جیسے قتل ، اقدام قتل ، اغواء اور ڈکیتی کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس اور نیشنل الیکشن واچ نے 2009 ء میں منتخبہ ارکان پارلیمنٹ کے حلف ناموں کے تجزیہ کی بنیاد پر یہ رپورٹ جاری کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سنگین مقدمات کے باوجود سیاسی جماعتیں ایسے امیدواروں کو ٹکٹ دیا کرتی ہے۔
سومناتھ بھارتی کے خلاف
فوجداری مقدمہ کیلئے اجازت طلبی
نئی دہلی ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے دہلی کے سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی کے خلاف فوجی داری مقدمہ درج کرنے کیلئے مرکز کی رضامندی طلب کی ہے۔ ریٹائرڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج بی ایل گارگ نے افریقی خاتون کے خلاف نصف شب حملے کے واقعہ میں اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں پولیس کو عملاً کلین چٹ دی ہے۔ یہ رپورٹ فروری میں نجیب جنگ کو پیش کی گئی تھی۔ دہلی سکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق لیفٹننٹ گورنر نے اس رپورٹ پر ریاستی حکومت کے محکمہ داخلہ اور قانون و انصاف سے رائے طلب کی ہے۔