نئی دہلی 30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) خط غربت اور مڈل کلاس کے درمیان ایک خط فاصل کا اشارہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے آج کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کے 70 کروڑ عوام کو بنیادی سماجی سلامتی اور ایک بہتر زندگی فراہم کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مزدوروں اور چھوٹے موٹے کام کرنے والوں کو پارٹی کے انتخابی منشور کیلئے رائے دینی چاہئے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ پالیسی کا مطلب یہ ہونا چاہئے کہ ملک کے 70 کروڑ عوام کو ایک ایسی بنیادی تائید حاصل رہے جس کے نتیجہ میں جو کچھ بھی حالات پیش آئیں
ان کی حالت اس بنیاد سے نیچے نہ جانے پائے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ تا دس سال کے دوران اس بات پر توجہ دی جانی چاہئے کہ ہم ملک کے 70 کروڑ عوام کو مڈل کلاس میں تبدیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ لوگ ہیں جو ملک چلاتے ہیں۔ ان کے ریمارکس رائے پور میں کل کئے گئے ان ریمارکس کے بعد آئے ہیں جن میں انہوں نے کہا تھا کہ ان افراد کی زندگیوں کو بہتر بنایا جانا چاہئے جو خط غربت سے نیچے اور مڈل کلاس کے درمیان زندگی گذارتے ہیں۔
راہول گاندھی کے مڈل کلاس سے متعلق ریمارکس کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ مڈل کلاس ہی کانگریس کا ووٹ بینک رہا ہے اور عام آمدی پارٹی کی مقبولیت میںاضافہ کے بعد اس ووٹ بینک کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔ علاوہ ازیں بی جے پی بھی عام آدمی کو راغب کرنے کی پالیسیوں پر توجہ دے رہی ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ غربت کی مار سہنے والے افراد کو مڈل کلاس کے زمرہ میں لانے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں اقل ترین مدد حاصل رہے ۔ ہم کو چاہئے کہ انہیں قدم مضبوط کرنے کا موقع فراہم کریں۔
انہوں نے منظم و غیر منظم شعبہ کے ورکرس کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ گورکھپور سے ممبئی تک آرڈنری سلیپر کلاس میں سفر کئے ہیں اور اس دوران انہیں مشرقی اتر پردیش کے ورکرس کے ساتھ تبادلہ خیال کا موقع ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان مزدوروں اور لیبرس کو کانگریس پارٹی کے منور کی تیاری کیلئے اپنی رائے دینی چاہئے ۔ انہوں نے لیبر طبقہ سے تائید کی بھی اپیل کی ۔