بنگلورو ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی قومی عاملہ کا دو روزہ اجلاس 3 اپریل سے شروع ہوگا جس میں پارٹی کے اثر و رسوخ کو اِن ریاستوں میں جہاں وہ کمزور ہے، خاص طور پر جنوبی ہند میں مستحکم کرنے کا لائحہ عمل منظور کیا جائے گا۔ اِس چوٹی کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی بھی شرکت کریں گے جو ریاست میں تین دن مقیم رہیں گے۔ پارٹی کے صدر امیت شاہ اور دیگر اعلیٰ سطحی قائدین عہدیداروں کے اجلاس میں شرکت کے لئے کل کرناٹک پہونچ جائیں گے۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری پی مرلی دھر راؤ نے ایک پریس کانفرنس میں آج کہاکہ ایک لائحہ عمل منظور کیا جائے گا تاکہ پارٹی کے دائرہ کار کو 7 ریاستوں آسام، مغربی بنگال، اوڈیشہ، آندھراپردیش، تلنگانہ، ٹاملناڈو اور کیرالا میں توسیع دی جاسکے۔ قومی عاملہ کا سابقہ اجلاس اگسٹ میں ہوا تھا جس میں امیت شاہ کے تقرر کو منظوری دی گئی تھی۔