7 ریاستوں میں بارش کی تباہ کاریاں، 776 ہلاکتیں

کیرالا بدترین متاثر ریاست 187 اموات، دو لاکھ بے گھر، فصلیں تباہ

نئی دہلی۔13 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ رواں مانسون کے دوران سات ریاستوں میں بارش، سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات میں کم سے کم 776 افراد ہلاک ہوگئے جن میں سب سے زیادہ 187 اموات کیرالا میں ہوئی ہیں۔ وزارت داخلہ کے ایمرجنسی رسپانس سنٹر نے کہا ہے کہ 187 افراد ہلاک ہوئے جہاں 14 اضلاع کے 2,406 مواضعات بارش سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ 26,400 ہیکٹر اراضی پر محیط فصلوں کو نقصان پہونچا ہے۔ اترپردیش میں 171 افراد ہلاک ہوئے ہیں، مغربی بنگال میں 170، مہاراشٹرا میں 139، گجرات میں 52، آسام میں 45 اور ناگا لینڈ میں 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بارش میں 27 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں جن میں سب سے زیادہ 22 کیرالا میں لاپتہ ہوئے ہیں۔ دیگر 245 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کیرالا میں تقریباً دو لاکھ افراد ریلیف کیمپوں میں مقیم ہیں 399 امدادی کارکنوں اور غوطہ خوروں پر مشتمل نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 14 ٹیمیں اور 34 کشتیاں تعینات کی گئی ہیں۔ انڈین ایرفورس نے بھی ایک ہیلی کاپٹر، چار طیاروں اور ہندوستانی بحریہ نے 20 غوطہ خوروں کو تعینات کیا ہے۔