6کروڑ کی کار کے لیے 9999 نمبر کے حصول پر 9.25 لاکھ خرچ

حیدرآباد میں فینسی نمبر کے حصول کا جنون ، من پسند نمبرات کے لیے لاکھوں خرچ
حیدرآباد ۔12 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : نئی گاڑی اور اپنی گاڑی پر من پسند نمبر دیکھنا کسے پسند نہیں ہوتا اور بعض حضرات تو ایسے شوقین ہوتے ہیں جو کہ اپنی گاڑی پر فینسی نمبر کے حصول کے لیے ہزاروں روپئے خرچ کردیتے ہیں جس کا راست فائدہ آر ٹی او کو ہوتا ہے ۔ گاڑی کے لیے فینسی نمبر کا حصول حیدرآبادی عوام کا محبوب مشغلہ بن چکا ہے اور حیدرآباد میں آر ٹی او نے رواں ہفتہ فینسی نمبرات کے ہراج کے ساتھ 35 لاکھ روپئے حاصل کئے ہیں ۔ حیدرآباد میں 5 آر ٹی اوز ہیں ۔ جن میں صرف خیریت آباد آر ٹی او نے 3 کروڑ روپئے حاصل کئے ہیں ۔ جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر پانڈو رنگ نائیک نے کہا کہ TS09 رجسٹریشن کوڈ تلنگانہ میں خوش قسمت ہندسہ تصور کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ TS09FB9999 نمبر جو کہ لیبورگنی ایونٹاڈور ( Lamborgini Aventador) کار کو دیا گیا ہے اور اس نمبر کے لیے خیریت آباد آر ٹی او کو 9.25 لاکھ روپئے حاصل ہوئے ہیں جب کہ اس کار کی قیمت 6 کروڑ روپئے ہے ۔ فینسی نمبرات کا شوق صنعت کاروں ، رئیل اسٹیٹ کے تاجروں ، فارمیسی کمپنیوں ، تعمیراتی فرمس اور دیگر خانگی کمپنیوں کے مالکان میں نقطہ عروج پر ہے ۔ دوسرے واقعہ میں ایک انٹیرئیر خانگی کمپنی نے اپنی 61 لاکھ کی مالیتی مرسڈیز بینز کار کے لیے TS09FC0005 نمبر کے حصول کے لیے 5 لاکھ 6 ہزار روپئے ادا کئے ہیں ۔ جب کہ تیسرے واقعہ میں 68 لاکھ کی بی ایم ڈبلیو کار کے لیے TS09FC0001 نمبر کے لیے 6.6 لاکھ روپئے خرچ کئے ہیں ۔۔