کراچی۔6 جنوری(سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی سینئر بیٹسمین یونس خان نے شاہد آفریدی کی سبکدوشی کے فیصلے کی تعریف کی ہے لیکن انہوں نے اپنی سبکدوشی کے لئے فیصلہ سنانے سے انکار کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو آئینے میں دیکھتا ہوںاوراپنے آپ سے بات کرتا ہوں۔اگر میں فٹ رہا اور فارم میں ہوا تو 50 سال تک کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔اگر بور ہوا تو کرکٹ چھوڑ بھی سکتا ہوں لیکن ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔میڈیا کو انٹر ویو دیتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر اپنے آپ کو حوصلہ افزاء کرتے اور کرکٹ سے لطف اندوز ہوتے رہے۔اگر میں اپنے آپ کا حوصلہ بڑھاتا رہا اور اپنی ٹیم پر بوجھ نہ بنا تو ورلڈ کپ کے بعد بھی ایکشن میں دکھائی دوں گا۔یونس خان نے کہا کہ اس وقت شائقین کرکٹ کی خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں کارکردگی دکھائے۔میں ورلڈ کپ میں وہ کردار ادا کرنا چاہتا ہوں جو جاوید میاں داد، عمران خان اور انضمام الحق نے1992کے ورلڈ کپ میں ادا کیا تھا۔پاکستان اس مرتبہ ہندوستان کو بھی شکست دے گا اور ورلڈ کپ میں بھی کامیابی حاصل کرے گا۔ایڈیلیڈ اوول پر پاکستان ‘ہندوستان کو شکست دیکر نئی تاریخ رقم کرے گا۔