4افراد بشمول دو خواتین کی خودکشی
حیدرآباد۔/3ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد اور سائبرآباد کے علاقہ میں پیش آئے مختلف واقعات میں بیماری اور تنہائی سے تنگ آکر چار افراد بشمول دو خواتین نے خودکشی کرلی۔ میڑ پلی پولیس کے مطابق 26سالہ روی کمار جو بیروزگار تھا ماروتی نگر میڑپلی میں رہتا تھا اس شخص کے دو گردے ناکارہ ہوچکے تھے، وہ بیروزگاری اور بیماری سے پریشان تھا جس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے کل رات نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی۔ ماریڈ پلی پولیس کے مطابق 35سالہ نرسنگ راؤ جو مہاتما گاندھی نگر ماریڈ پلی کا ساکن تھا اس نے خرابی صحت کے سبب کل رات خود کو آگ لگالی اور آج رات دیر گئے فوت ہوگیا۔ کشائی گوڑہ پولیس کے مطابق 40 سالہ پی ملماں جو نہرو نگر کے ساکن کشٹیا کی بیوی تھی اس نے کل رات خرابی صحت سے تنگ آکر خودسوزی کرلی اور آج علاج کے دوران فوت ہوگئی۔جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 46سالہ وجیہ کرونا جو رحمت نگر بورا بنڈہ کے ساکن وینکٹیشورراؤ کی بیوی تھی وہ تنہائی سے پریشان تھی۔ شوہر کی موت کے بعد وہ اکیلی ہوگئی تھی اس کی دو لڑکیاں تھیں جن کی شادیاں ہوچکی۔ تنہائی سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔