370 و 35(a) پرنظرثانی ضروری : راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی 17 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ دستور کے دفعہ 370 اور 35(a) پر نظرثانی کی ضرورت ہے جن کے ذریعہ جموں و کشمیر کو خصوصی موقف دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ ان دفعات سے ریاست جموں و کشمیر کو فائدہ ہو رہا یا نقصان ۔ بی جے پی نے بارہا یہ واضح کیا ہے کہ وہ دستور کے دفعات 370 اور 35(a) کی مخالف ہے اور انہیں حذف کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے بھی اس تعلق سے اظہار خیال کیا اور انتخابی مہم کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ ان دفعات کو حذف کردیا جائیگا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرنے کا فیصلہ کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے تاہم انہں نے اشارہ دیا کہ لوک سبھا انتخابات کی تکمیل کے بعد ہوسکتا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کیا جائے ۔ راج ناتھ سنگھ پی ٹی آئی کو ایک انٹرویو دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک چیلنج ہے لیکن اس کا حل جلدی نکل جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں حالات کو بہتر بنانے کوشاں ہے ۔