ابوظہبی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی ٹیم کو پہلی اننگز میں 261 رنز تک محدود رکھنے کے باوجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے حریف ٹیم کو فالو آن نہیں دیا بلکہ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے اوپنرس احمد شہزاد اور محمد حفیظ کے جلد نقصان کے باوجود 61 رنز اسکور کرلئے ہیں اِس طرح اِسے مجموعی طور پر 370 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ اِس طرح مقابلہ پر اِس کی گرفت کافی مضبوط ہوچکی ہے۔ پاکستان کے لئے آؤٹ ہونے والے بیٹسمنوں میں احمد شہزاد نے پہلی اننگز میں ملنے والی ایک بڑی سبقت میں تیزی کے ساتھ رنز بنانے کی کوشش میں اپنی وکٹ جلد گنوائی جیسا کہ اُنھوں نے پہلے اوور میں مچل جانسن کو دو چوکے اور ایک چھکا لگانے کے بعد اپنی وکٹ گنوائی۔
شہزاد نے 6 گیندوں میں 14 رنز اسکور کئے۔ 21 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوپنر محمد حفیظ 3 رنز بناکر مچل اسٹارک کا شکار ہوئے۔ بعدازاں اظہر علی نے 54 گیندوں میں 21، یونس خان 60 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 16 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے اپنے کل کے اسکور 22/1 سے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ آسٹریلیا کے لئے مچل مارش نے اپنے کرئیر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی۔ جیسا کہ اُنھوں نے 116 گیندوں میں 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 87 رنز بنائے۔پاکستان کے لئے عمران خان نے 60 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ذوالفقار بابر، راحت علی اور یاسر شاہ نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔