ٹورنٹو۔9اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق عالمی نمبر ایک اور عالمی ریکارڈ یافتہ گرانڈ سلام چمپئن راجر فیڈرر نے گذشتہ رات یہاں راجرس کپ کے کوارٹر فائنل کے دوران اپنی 33ویں سالگرہ کے موقع پر اسپینی ٹینس اسٹار ڈیوڈ فیرر کو 6-3 ‘ 4-6‘ 6-3 سے شکست دیتے ہوئے ریکارڈ 80ویں خطاب کے سمت پیشقدمی جاری رکھی ہے ۔ سیمی فائنل میں فیڈرر کا مقابلہ ایک اور اسپینی کھلاڑی فلیشیانو لوپش سے ہوگا جنہوں نے آخری مقامی اُمید چوتھے درجہ کے کھلاڑی میلوس راؤنک کو 6-4 ‘ 6-7(5) ‘ 6-3 سے شکست دی ہے ۔ ٹورنمنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں ان فام فرانسیسی ٹینس کھلاڑی جوویلفریڈ سونگا کا مقابلہ بلغاریہ کے اُبھرتے ٹینس اسٹار گریجار دیمترو سے ہوگا جیسا کہ تیسرے راؤنڈ میں عالمی نمبر ایک اور ومبلڈن چمپئن نواک جوکووچ کو شکست دینے کے بعد دوسرے دن سونگا نے برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے کو 7-6(5) ‘ 4-6 ‘ 6-4سے شکست دی ۔ دوسری جانب دیمترو نے حیران کن ناکامیوں کے سلسلہ سے خود کو محفوظ رکھتے ہوئے جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کے خلاف 5-7 ‘ 7-5 ‘ 7-6(6)کی کامیابی حاصل کی ہے۔ میدان پر موجود شائقین نے اپنے اختراعی اور انوکھے انداز میں راجر فیڈرر کو مختلف طریقہ سے سالگرہ کی مبارکباد دی ۔