لاہور۔13اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کی ورلڈ کپ ٹیم میں شمولیت کیلئے توقعات بلند ہیں جو اپنی 27 ویں سالگرہ کے موقع پر ٹسٹ دیں گے تاہم ان کا ساتھی فاسٹ بولروں سے سخت مقابلہ متوقع ہے۔ اگرچہ فٹنس ٹسٹ کیلئے پی سی بی نے 15 سے 17 اپریل کی تاریخیں مقررکی ہیں تاہم کھلاڑیوں کی زائد تعداد کے باعث جو پلیئرز پہلے فٹنس ٹسٹ دینا چاہتے ہیں ان کی آزمائش شروع ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ بابراعظم،شاہین آفریدی،حارث سہیل،فہیم اشرف،محمد عباس،شاداب خان ،محمد حسنین اور عابد علی ٹسٹ دے چکے جبکہ محمد عامر کے ساتھ امام الحق،عماد وسیم اور محمد نواز بھی ٹسٹ دیں گے جن کو اختتامی مرحلے میں ایک موقع مزید بھی مل سکتا ہے۔گزشتہ 14ونڈے میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عامر کیلئے ورلڈ کپ تک رسائی کی خاطر بھرپور فٹنس لازمی ہے کیونکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بولنگ کوچ اظہرمحمود ان کی حالیہ ناکامیوں کو کمزور فٹنس کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے ان کے کارکردگی سے خوش نہیں ہیں۔محمد عامر سخت ٹریننگ اور جسمانی محنت کے بل پر خود پر لگے داغ صاف کر کے میگا ایونٹ کیلئے اپنی اہلیت ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ ورلڈکپ منصوبے میں پانچ فاسٹ بولروں کو جگہ مل سکتی ہے جس میں سے شاہین آفریدی،حسن علی،عثمان شنواری اور فہیم اشرف مضبوط امیدوار ہیں جبکہ ایک نشست پر محمد عامر کو جنید خان،محمد حسنین اور محمد عباس سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔اس حالات کے باوجود محمد عامر پر عزم ہے کہ وہ سخت محنت سے ٹیم میں جگہ بنانے کے علاوہ ورلڈ کپ میں بہتر مظاہرہ کریں گے۔