نئی دہلی 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے کیرئیر کے 93 میچس میں 24 ویں مرتبہ کیرئیر کی اولین سنچری اسکور کرنے سے چوک جانے والے ویسٹ انڈیز کے اوپننگ بلے باز ڈوین اسمتھ نے کہا کہ ہندوستانی بولرس نے دورہ کنندہ ٹیم کی پیشرفت کو روکنے میں بہترین مظاہرہ کیا ہے ۔ دوسرے ونڈے میں 264 رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے ایک مرحلہ پر دو وکٹس کے نقصان سے 170 رنز بنالئے تھے تاہم بعد میں ساری ٹیم 215 رنوں پر آوٹ ہوگئی تھی ۔ اسمتھ نے 97 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 97 رنز اسکور کئے تھے تاہم اسی وقت انہیں ہندوستان کے فاسٹ بولر محمد سمیع نے بولڈ کردیا ۔ اس ناکامی پر اسمتھ اپنی مایوسی نہیں چھپا سکے تاہم انہوں نے ہندوستانی بولرس کی بھی ستائش کی ۔
انہوں نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ میں یقینی طور پر سنچری سے محروم ہونے پر مایوس ہوں ۔ ایک اور بار مجھے مایوسی ہوئی ہے ۔ اس سے تکلیف ہوتی ہے تاہم ہندوستان نے اچھی بولنگ بھی کی ہے ۔ ہم ایک موقع پر بہت قریب پہونچ گئے تھے تاہم ہندوستانی بولرس نے جلدی جلدی وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ہماری پیشرفت کو روکدیا ۔ اسمتھ نے کہا کہ ان کے خیال میں ہندوستانی بولرس نے اچھا مظاہرہ کیا ہے اور وہ ٹیم کی کامیابی میں معاون رہے ہیں۔ ہندوستانی بولرس کے اس مظاہرہ ہمیں کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ مثبت انداز میں اپنا کھیل پیش کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔