نظام آباد:14؍ فرور ی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ادارہ گونج نظام آباد کے زیر اہتمام ایک بین الریاستی مشاعرہ 24؍ فروری بروز منگل کی شب نظام آباد میں عظیم الشان پیمانہ پر منعقد ہوگا۔ ڈائریکٹر تلنگانہ اُردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور مشاعرے کا افتتاح انجام دیں گے ۔ اس موقع پر جمیل نظام آبادی کے چھٹویں مجموعہ کلام ’’حرف و سخن ‘‘ کی رسم اجراء عمل میں آئے گی ۔ مشاعرے کی تیاریوں کے سلسلہ میں ایک مجلس استقبالیہ تشکیل دی گئی ہے اور متفقہ طورپر مرزا افضل بیگ تیجان ٹریڈرس کو صدر ڈاکٹر رضی شطار ی کو معتمد منتخب کیا گیا ہے اراکین میں شریف اطہر، افتخار نہال ، ڈاکٹر رضی احمد لکچرار، محمد بصیر احمد لکچرار، اقبال شانہ ، معین راہی، اوسط نظام آباد ی ، محمد رفیق مالک کنگ پیالیس شامل ہیں ۔ اس موقع پر ریاست کے دو قلمکاروں کو ان کی مجموعی ادبی خدمات پر باوقار گونج ایوارڈ بھی پیش کئے جائیں گے ۔ مشاعرے میں حیدرآباد ، عادل آباد ، کریم نگر ، ورنگل ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے شہروں سے بھی شعرا ء کو مدعو کیا جارہا ہے ۔ دیگر تفصیلات کا عنقریب اعلان کیا جائیگا۔