23 مئی کے بعد ہٹلر انتظامیہ کا خاتمہ یقینی

گلبرگہ میں صدر کرناٹک پردیش کمیٹی گنڈو راؤ کا اظہار خیال

گلبرگہ 7مئی :(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک بھر میں 23مئی کے بعدہٹلر انتظامیہ کا خاتمہ ہو جائے گا اور سارے ملک میں امن و یک جہتی کی کا دور شروع ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صدر کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر دنیش گنڈو رائو نے ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کرناٹک کے عوام دیکھیں گے قومی سطح پر ایک بڑی تبدیلی رونما ہوگی۔ سودے بازیوں اور کمل آپریشن کا دور ختم ہو جائے گا۔ کرناٹک میں بی جے پی کے صدر یڈی یور اپا بھی چیف منسٹر بننے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں گے ۔ جب مسٹر دنیش گنڈو رائو سے دریافت کیا گیا کہ بی جے پی دعوے کررہی ہے کہ وہ کرناٹک کی 28پارلیمانی نشستوں میں سے 22پر کامیابی حاصل کرلے گی تو اس کے جواب میں دنیش گنڈو رائو نے کہا کہ سابق چیف منسٹر یڈی یور اپا نے سروے رپورٹ نہیں پڑھی ہے ۔ انھوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ بی جے پی پارلیمینٹ کی 544نشستوں پر قبضہ کرلے گی جن میںکرناٹک کی 28پارلیمانی نشستیں بھی شامل ہوں گی ۔ دنیش گنڈو رائو نے کہا کہ مرکزی حکومت نے الیکشن کمیشن آف انڈیا اور سی بی آئی کے علاوہ محکمہ انکم ٹیاکس کا بھی غلط استعمال کیا ہے۔ لیکن عوام اس بار مودی جی کو راستہ دکھا دیں گے اور مرکز میں یو پی اے تین کی حکومت اقتدار پر آجائے گی ۔