ابوظہبی 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کے 3 سے زائد سیزنس میں اپنی حکمرانی دکھانے والی مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپر کنگس نے آئی پی ایل 7 کا غیرمعمولی بیاٹنگ مظاہرہ کے ساتھ آغاز کرتے ہوئے کنگس الیون پنجاب کے خلاف اپنے افتتاحی مقابلہ میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز کا ہمالیائی اسکور کھڑا کیا لیکن اتنا بڑا اسکور بھی اس کے لئے ناکافی ہوا کیونکہ جارج بیلی کی زیرقیادت پنجاب کی ٹیم نے 7 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بناتے ہوئے انتہائی شاندار کامیابی حاصل کی۔ پنجاب کی کامیابی میں میکس ویل نے 43 گیندوں میں 15 چوکوں اور
2 چھکوں کی مدد سے 95 جبکہ ڈیوڈ ملر نے 37 گیندوں میں 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ چینائی کیلئے روی چندرن اشون نے 41 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جڈیجہ کے 4 اوورس میں 43 رنز بنائے گئے۔ دھونی کے ایک اور قابل اعتماد بولر موہت شرما نے 2.5 اوورس میں 35 رنز دیئے۔ پنجاب کے لئے ویریندر سہواگ اور چیٹیشور پجارا نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 3 اوورس میں 31 رنز بنائے۔ ویریندر سہواگ 10 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 19 رنز اسکور کئے۔ قبل ازیں چینائی نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کا فیصلہ کیا اور برینڈن مکالم کے 45 گیندوں میں 67 کے ہمراہ دوسرے اوپنر اسمتھ کے 43 گیندوں میں 66 رنز کی بدولت 205/4 اسکور کیا۔