نئی دہلی ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک نمایاں پیشرفت کے طور پر مرکزی حکومت اور قومی اولمپک کمیٹی نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس بیچ کو وزیراعظم نریندر مودی سے رواں مہینہ کے اواخر میں ملاقات کیلئے مدعو کیا ہے تاکہ اس ملک میں اسپورٹس کے فروغ اور 2024ء کے اولمپک کھیلوں کے اہتمام کیلئے ہندوستان کی متوقع میزبانی کی بولی پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ بیچ کو جنہوں نے 2013ء میں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (او آئی سی) کے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا، وزیراعظم سے ملاقات کیلئے یہاں مدعو کیا گیا ہے۔ ملاقات کی تاریخ 27 اپریل مقرر کی گئی ہے۔ او آئی سی کی صدارت پر فائز ہونے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ ہند ہوگا۔ اسپورٹس سکریٹری اجیت شرن اور آئی او اے کے صدر این رامچندرن نے سوئزرلینڈ کے شہر لاؤزرن میں واقع او آئی سی کے ہیڈکوارٹرز پر یہ دعوت نامہ مسٹر بیچ کے حوالے کیا۔ انڈین اولمپک اسوسی ایشن (آئی او اے) کے ذرائع نے کہا کہ مسٹر بیچ کو مطلع کرنا چاہتی ہیکہ یہ ملک 2024ء کے اولمپک کھیل منعقد کرنا چاہتا ہے۔ اگرچہ باضابطہ طور پر اس کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اس طرح کسی سرکاری عہدیدار نے بھی ریکارڈ پر یہ بات کہنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی ہے۔
تاہم ذرائع نے کہا کہ مسٹر بیچ نے ہندوستان میں اسپورٹس کے فروغ پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور آنے والے برسوں کے دوران اولمپک تحریک میں ہندوستان کے کلیدی رول پر اپنی دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں۔ مسٹر رامچندرن نے رواں ماہ کے اواخر میں مسٹر بیچ کی مسٹر مودی سے مجوزہ ملاقات کی توثیق کی لیکن 2024ء کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کیلئے ہندوستان کی متوقع بولی کے بارے میں انہوں نے کسی تبصرہ سے انکار کردیا۔ مسٹر رامچندرن نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’انڈین اولمپک اسوسی ایشن (آئی او اے) اور حکومت ہند نے آئی او سی سربراہ ڈاکٹر تھامس بیچ کو عزت مآب وزیراعظم ہند سے رواں مہینہ کے اواخر میں ملاقات اور ہندوستان میں اسپورٹس کے فروغ پر تبادلہ خیال کیلئے مدعو کیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر بیچ کو دیئے گئے دعوت نامہ میں ایک عبوری تاریخ کا حوالہ دیا گیا ہے لیکن
یہ او آئی سی اور وزیراعظم کے دفتر پر منحصر ہیکہ تاریخ کا کوئی قطعی فیصلہ کریں‘‘۔ اولمپکس 2024ء کی بولی لگانے کیلئے ہندوستان کے پاس 15 ستمبر تک وقت ہے اور ان کھیلوں کی میزبانی کیلئے ’’اظہار دلچسپی‘‘ کا عمل جنوری میں ہی شروع ہوچکا ہے۔ اٹلی کا شہر روم، جرمن کا ہیمبرگ، امریکہ کا بوسٹن پہلے ہی ان کھیلوں کی زبانی سے اپنی دلچسپی کا اظہار کرچکا ہے۔ علاوہ ازیں دیگر ممالک کے شہروں نیروبی (کینیا) کاسا بلانکا (مراقش)، دوحہ (قطر)، پیرس (فرانس)، سینٹ پیٹرس برگ (روس) بھی آنے والے مہینوں کے دوران اس دوڑ میں شامل ہوسکتے ہیں۔ برازیل کا شہر ریوڈی جنیرو 2016ء کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کرے گا جبکہ 2020ء کے اولمپک کھیل جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہوں گے۔ 2024ء کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کیلئے منتخب شہر کو انفراسٹرکچر کے فروغ کیلئے او آئی سی کی طرف سے 1.5 ارب امریکی ڈالر دیئے جائیں گے۔