2023ء ورلڈ کپ ہندوستان میں منعقد ہوگا : سرینواسن

نئی دہلی ۔ 9اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی کے نومنتخب چیرمین این سرینواسن نے توثیق کی ہے کہ 2023ء آئی سی سی ورلڈ کپ ہندوستان میں منعقد ہوگا ۔ علاوہ ازیں 2016ء ٹوئنٹی 20ورلڈ اور 2021ء آئی سی سی چمپئنس ٹرافی کی بھی میزبانی ہندوستانی ہی کرے گا ۔ ان اعلانات کے بعد کرکٹ کو جنون کی حد تک پسند کرنے والے ہندوستانی کرکٹ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ کیونکہ ہندوستانی شائقین کوسات برسوں کے عرصہ کے دوران تین ورلڈ کپ ٹورنمنٹ کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا ۔ 1996ء کا ورلڈ کپ جو کہ ویلس ورلڈ کپ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے یہ ہندوستان ‘پاکستان اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوا تھا جب کہ 2011ء کے ورلڈ کپ کی ہندوستان ‘ بنگلہ دیش اور سری لنکا نے مشترکہ میزبانی کی تھی۔ سرینواسن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں ہمیں 16تا 18سال کے عرصہ میں آئی سی سی کے ایونٹ کی میزبانی ملتی تھی جیسا کہ 15برس بعد ہم نے 2011ء ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی لیکن اب 8برسوں کے دوران تین بڑے ٹورنمنٹس کی میزبانی ہندوستان کرے گا ۔