دوحہ ۔24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)فٹ بال کی عالمی اسوسی ایشن فیفا کی ٹاسک فورس نے تجویز دی ہے کہ قطر میں 2022 میں کھیلے جانا والا فیفا ورلڈ کپ نومبر اور دسمبر میں منعقد کیا جائے۔فیفا کے حکام نے دوحہ کے اجلاس میں موسمِ گرما میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں اور شائقین کو گرمی کے باعث خطرات کے مدِ نظر کئی متبادل راستوں پر غور کیا۔واضح رہے کہ قطر میں جون اور جولائی کے مہینوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جاتا ہے۔ٹاسک فورس کے سربراہ شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے یہ بھی تجویز کیا کہ 2022 کا ٹورنمنٹ چند دنوں کا چھوٹا کردیا جائے۔تاہم اس ٹورنمنٹ کو 32 ٹیموں یا 64 میچوں سے کم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔نورنمنٹ کو نومبر دسمبر میں کروانے کی تجویز کی توثیق اگلے ماہ ہونے والے گورننگ باڈی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔یورپ کی کئی ٹیموں کو یہ تجویز پسند نہیں آئے گی کیونکہ وہ چاہتی ہیں کہ ورلڈ کپ اپریل مئی میں منعقد ہو۔نومبر کے علاوہ جس مہینے پر غور کیا جا رہا ہے اس میں جنوری اور فروری بھی ہے۔ تاہم اس کے بارے میں خدشہ ہے کہ سرما اولمپکس بھی انہی مہینوں میں منعقد ہوں گے۔