ممبئی 23 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) این سی پی سربراہ شرد پوار نے آج اس بات کا اعادہ کیا کہ 2019 لوک سبھا انتخابات کیلئے مہا گٹھ بندھن تیار ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم میں مضبوط علاقائی جماعتوں کو زیادہ اہمیت حاصل رہے گی ۔ مسٹر پوار نے کانگریس اور این سی پی کارکنوں کے ساتھ مشرقی مہاراشٹرا کے گونڈیا میں ایک اجلاس منعقد کیا اور انہوں نے یہ بیان دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور این سی پی مل کر لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرینگے ۔ مہاراشٹرا میں کچھ دوسری جماعتیں بھی ان کے ساتھ رہینگی ۔ انہوں نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم پر کوئی الجھن نہیں ہے ۔ انہوں نے یہ وعدہ بھی کیا کہ مہاراشٹرا میں بھی اناج پیدا کرنے والوں کو فی کنٹل 2,500 روپئے قیمت ادا کی جائیگی جس طرح مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں دی جا رہی ہے ۔