2018ء میں میڈلس کیلئے فٹنس کو نمایاں اہمیت : کڈمبی

حکومت آندھراپردیش کی جانب سے تلگو بیڈمنٹن اسٹارس کو تہنیت کی پیشکشی
نئی دہلی ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر 3 بیڈمنٹن کھلاڑی کڈمبی سریکانت نے آج کہا کہ آئندہ سال کے مصروف ترین سیزن میں وہ اپنے ملک کو زیادہ سے زیادہ میڈلس دلانے کے بہتر مواقع پیدا کرنے کی غرض سے چاق و چوبند رہنا پسند کریں گے۔ سریکانت نے حکومت آندھراپردیش کے زیراہتمام منعقدہ ایک تہنیتی تقریب کے موقع پر کہا کہ ’’2017ء سے کئی مثبت سبق لئے جاسکتے ہیں۔ آئندہ سال ایک اہم سال ہوگا کیونکہ اس میں کئی ایک اہم ٹورنمنٹس منعقد ہوں گے اور اس کے لئے میرے لئے نہایت اہم ہے کہ میں فٹ رہوں‘‘۔ کڈمبی سریکانت نے جو 2017ء میں چار سوپر سیریز خطاب جیت چکے ہیں، مزید کہا کہ ’’اگر میں فٹ رہوں گا تو ہی اپنی 100 فیصد (صلاحیتیں) استعمال کرسکتا ہوں جس کے بعد ہی کامن ویلتھ، ایشیائی اور عالمی چمپئن شپ مقابلوں جیسے اہم ٹورنمنٹس میں مجھے اپنے ملک کیلئے میڈلس جیتنے کا بہتر موقع رہے گا‘‘۔ سریکانت اور اولمپک سلور میڈلسٹ پی وی سندھو کو 2017ء میں بہتر کھیل کے مظاہرہ پر حکومت آندھراپردیش کی طرف سے آج پراثر تہنیت پیش کی گئی۔ سریکانت نے جو سنگاپور اوپن اور سینئر نیشنل چمپیئن شپ میں رنراپ رہے ہیں، کہا کہ ’’میں آندھراپردیش کے عوام اور حکومت کا ان کی تائید کے لئے شکرگذار ہوں‘‘۔ اس تہنیتی تقریب میں جواں سال طلبہ، ان کے والدین اور سرپرستوں نے سندھو اور سریکانت کو گھیر لیا اور بکثرت گلپوشی کی۔ ان دونوں بیڈمنٹن اسٹارس نے طلبہ اور شرکاء کے غیرمعمولی جوش و خروش پر مسکراتے ہوئے جواب دیا اور اپنے ساتھ تصویرکشی کی اجازت دی۔ سندھو جو ہندوستانی اور کوریا میں دو خطاب حاصل کرچکی ہیں اور ورلڈ چمپیئن شپ کے علاوہ ہانگ کانگ مقابلوں میں سلور میڈل حاصل کی ہیں، تہنیت کی پیشکشی پر حکومت آندھراپردیش سے اظہارتشکر کی ہیں اور آئندہ مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کی امید ظاہر کی ہے۔