2017 : کرکٹ ، فٹبال اور بیڈمنٹن کیلئے یادگار

 

نئی دہلی۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے لئے 2017ء اسپورٹس کے زمرے میں ایک یادگار سال رہا جس میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی حکمرانی کے علاوہ پہلی مرتبہ فیفا کے ٹورنمنٹ انڈر 17 ورلڈ کپ کا انعقاد بھی قابل ذکر ہے۔ ’’رن مشین‘‘ ویراٹ کوہلی نے 2017ء میں اپنے انفرادی مظاہروں سے کئی ریکارڈس قائم کرنے کے علاوہ ٹیم کو بھی کئی یادگار فتوحات دلوائی ہیں اور اب 2018ء میں جنوبی آفریقہ کے دورہ سے ان کے لئے ایک بڑا چیلنج شروع ہوگا۔ بیڈمنٹن میں پی وی سندھو چھائی رہیں جبکہ مرد زمرے میں کڈمبی سریکانت نے فتوحات کے پرچم لہرائے ہیں۔ ریسلنگ کا تذکرہ کریں تو دو مرتبہ کے اولمپک چمپین سوشیل کمار کی تین سال کے بعد واپسی اور ورلڈ چمپین شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنا سب سے نمایاں رہا نیز میرابائی چانو نے ویٹ لفٹنگ میں فتوحات حاصل کی ہیں جبکہ ایم سی میری کوم نے ایک اور ایشین چمپین شپ کا گولڈ میڈل حاصل کیا۔ وشوا ناتھ آنند نے ریاض میں شطرنج کی عالمی چمپین شپ حاصل کرتے ہوئے سال کا بہترین اختتام کیا ہے۔2017ء میں ہندوستان کیلئے دیگر فتوحات کا تذکرہ کریں تو ویمنس کرکٹ نے بھی ایک نئی بلندی کو فتح کیا ہے۔ متھالی راج کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی لیکن اسے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف قریبی شکست برداشت کرنی پڑی۔ ہندوستان کے لئے فیفا ٹورنمنٹ کی میزبانی بھی اس سال کا ایک اہم کارنامہ ہے۔ ہاکی میں بھی ہندوستانی ٹیم کیلئے رواں سال یادگار رہا جیسا کہ اس نے بھوبنیشور میں منعقدہ ایچ ڈبلیو ایل فائنل میں برانز میڈل حاصل کیا۔ ٹینس میں روہن بوپنا نے فرنچ اوپن مکسڈ ڈبل خطاب حاصل کیا ۔