2016 کھیلوں کے بڑے ایونٹس کے لئے اہم

دبئی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیاسال کھیلوں کی دنیا کیلئے پاور ہاؤس ثابت ہوگا جس کے دوران شائقین کو پل بھر کے لئے اپنی نگاہیں جھپکنے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ نئے سال 2016  کے دوران نا صرف ریو اولمپک گیمز کی سنسنی خیزی دیکھنے کو ملے گی بلکہ آئی سی سی  ٹوئنٹی20  ورلڈ کپ‘ یورو کپ فٹ بال ، پاکستان سوپر لیگ ، آئی پی ایل ، چیمپئنس لیگ‘ ورلڈ ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ،آسٹریلین کے ہمراہ دیگر 3 گرانڈ سلام کوپا امریکہ، ٹور ڈی فرانس ، اسنوکر ورلڈ کپ اور دیگر میگا ایونٹس بھی رواں سال ہوں گے۔ علاوہ ازیں اس سال کرکٹ میں ایشاء کپ ٹوئنٹی 20 طرز پر کھیلا جائے گا۔کرکٹ شائقین کیلئے 2016 ء اپنے پہلے مہینے جنوری سے ہی کافی دلچسپ ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ ایشیاء کی دو بڑی ٹیمیں ہندوستان اور پاکستان دلچسپ انداز میں ورلڈ کپ 2015ء کی دو میزبان ٹیموں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈکا دورہ کررہی ہیں ۔ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم جنوری میں آسٹریلیا کا دورہ کررہی ہے جہاں وہ ونڈے اور ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں شرکت کرے گی اور اُمید کی جارہی ہے کہ ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ 2015ء کے سیمی فائنل میں میزبان آسٹریلیا کے خلاف ہوئی شکست کا اس سیریز میں حساب برابر کرے گی ۔ دوسری جانب سے شاہد آفریدی اور اظہر علی کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے دورہ پر ہوگی جہاں اسپاٹ فکسنگ کی سزاء کے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے محمد عامر توجہ کا مرکز ہوں گے ۔

 

سیون اے سائیڈ فٹبال ٹورنمنٹ
حیدرآباد ۔ یکم جنوری ۔ ( راست ) بلارم اسپورٹنگ کلب کی جانب سے سیون اے سائیڈ ناک آؤٹ فٹبال ٹورنمنٹ کا 9 اور 10 جنوری کو انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ ٹورنمنٹ میں شرکت کیلئے 7 جنوری تک درخواست دی جاسکتی ہے ۔ مزید تفصیلات کیلئے 9848534045 اور 9959497590 پر ربط پیدا کریں ۔