2 مارچ کے بند کیلئے بی جے پی کی تائید حاصل کرنے سے نتیش کمار کا انکار

پٹنہ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی، سی پی آئی (ایم) اور سماج وادی پارٹی نے 2 مارچ کے بہار بند کو تائید کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے آج کہاکہ وہ بی جے پی کے ساتھ کسی ’’لو اور دو‘‘ کے سمجھوتہ کے لئے تیار نہیں ہیں۔ اُنھوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ میں بی جے پی کے ساتھ لین دین میں یا کسی دیگر پارٹی کے ساتھ احتجاجی پروگرام کی تائید میں یقین نہیں رکھتا۔ اُنھوں نے کہاکہ بہار کو سیما آندھرا کی طرح خصوصی موقف دینے سے انکار کے خلاف بند منایا جارہا ہے۔ 28 فروری کا بند بی جے پی کا سیاسی پروگرام ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس بند کا اعلان جو اُنھوں نے کیا ہے، غیر سیاسی بنیاد پر ہے۔ بی جے پی نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی کارکن کل احتجاج کے دن ریاست میں ٹرینیں روک دیں گے کیونکہ بہار میں خصوصی موقف عطا نہیں کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر بہار نے کہاکہ اُن کا احتجاج گاندھیائی ہوگا۔ وہ شخصی طور پر گھریلو برتنوں کو علامتی طور پر پیٹنے کے پروگرام میں حصہ لیں گے تاکہ اِس کی آواز 2 مارچ کی شام کو دہلی پہونچ سکے۔

مودی ،گجرات فسادات پر مستقل مہم پر غالب آنے
میں کامیاب : ارون جیٹلی
نئی دہلی 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی قائد ارون جیٹلی نے آج کہاکہ اُن کی پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی 2002 ء کے گجرات فسادات کے سلسلہ میں اُنھیں نشانہ بناتے ہوئے مستقل طور پر چلائی جانے والی مہم پر غالب آچکے ہیں۔ جیٹلی نے کہاکہ ایک وقت ایسا بھی تھا جبکہ ذرائع ابلاغ کا ایک بڑا گوشہ چیف منسٹر گجرات کو تنقید کا نشانہ بنارہا تھا لیکن اُن میں اتنی قابلیت ہے کہ وہ ذرائع ابلاغ پر غالب آچکے ہیں۔ اُنھوں نے عوام سے راست ربط پیدا کیا اور پارٹی کے نظریات پیش کئے جن کی عوام کو بی جے پی سے زیادہ ضرورت ہے۔