لکھنؤ۔/6جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) گورنر اتر پردیش رام نائیک نے ریاستی لوک آیوکت کی سفارش پر 2ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے مسئلہ پر الیکشن کمیشن آف انڈیا سے رائے طلب کی ہے قبل ازیں ریاستی لوک آیوکت نے بہوجن سماج پارٹی کے اوما شنکر سنگھ اور بی جے پی کے بجرنگ بہادر سنگھ کو اسمبلی کی رکنیت سے محروم کردینے کی سفارش کی تھی اور بتایا تھا کہ یہ دونوں اسمبلی کیلئے منتخب ہونے کے باوجود بحیثیت کنٹراکٹر کام کررہے ہیں۔ راج بھون کے ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی رائے معلوم ہونے کے بعد اس خصوص میں گورنر کارروائی کریں گے۔ لوک آیوکت نے 2ڈسمبر کو راج بھون کو روانہ ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ مذکورہ دو ارکان اسمبلی کی کارگذاری قانون عوامی نمائندگان کے خلاف ہے اور انہیں اسمبلی کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔