حیدرآباد۔9 مئی ( سیاست نیوز) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی دنیش مونگیا نے آج 16ویں بوسٹن کپ کا افتتاح کیا اور اس موقع پر انڈر 12‘ 14 اور 16زمرے کی ٹیموں کے سینکڑوں ابھرتے کرکٹرس موجود تھے ۔ ڈے نائیٹ کرکٹ ٹورنمنٹ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے مونگیا نے مذکورہ ٹورنمنٹ کے ایک طویل سفر کی ستائش کی اور کہا کہ ایک مسابقتی ٹورنمنٹ کے ذریعہ ابھرتے اور ننھے کرکٹرس کی صلاحیتوں کو ابھرنے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے ۔ مونگیا نے اس موقع پر ٹورنمنٹ میں شرکت کررہے کرکٹرس کو بیٹنگ کے گُر سکھائے ۔ کالاپتھر کے بوسٹن مشن ہائی اسکول اور ایس سی ایف کے اشتراک سے منعقد کئے جانے والے اس سالانہ ٹورنمنٹ کی افتتاح تقریب میں ہندوستانی سابق کھلاڑی گویند راج ‘ ایس سی ایف کے سکریٹری سائی بابا اور ڈاکٹر سید خورشید احمد کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ دریں اثناء بوسٹن مشن ہائی اسکول کے کرسپانڈنٹ محمد شاکر احمد نے اس موقع پر دونوں شہروں میں گذشتہ 16برسوں سے منعقد ہورہے ٹورنمنٹس کی تفصیلات پر روشنی ڈالی ۔