حیدرآباد ۔ 21 اپریل ۔ ( راست ) بوسٹن مشن ہائی اسکول کالے پتھر تاڑبن کے زیراہتمام 16 ویں بوسٹن کپ 2015 کا آغاز ماہ مئی کے دوسرے ہفتہ میں کیا جائے گا ۔ یہ ڈے اینڈ نائیٹ کرکٹ ٹورنمنٹ دونوں شہروں کے اسکولس کے اُبھرتے کھلاڑیوں کیلئے منعقد کیا جاتا ہے جسے اسپورٹس کوچنگ فاؤنڈیشن مانصاحب ٹینک کی سرپرستی حاصل ہے۔ انڈر 12 ، انڈر 14 اور انڈر 16 کے زمروں میں منعقد کئے جانے والے اس ایونٹ میں ہر سال زائد از 100 ٹیمیں حصہ لیتی آئی ہیں۔ اس ٹورنمنٹ کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات میں بالخصوص حیدرآباد کی ممتاز شخصیتوں نے شرکت کرتے ہوئے اُبھرتے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ ان شخصیتوں میں سابق انڈین کرکٹ کیپٹن محمد اظہرالدین ، سابق ٹسٹ کرکٹرس وی وی ایس لکشمن ، ارشد ایوب ،ویمنس ٹیم کی سابق ہندوستانی کپتان میتھالی راج اور کئی دیگر انٹرنیشنل کرکٹرس شامل ہیں۔ بوسٹن کپ کے 15 سالہ سفر کے دوران متعدد نامور شخصیتوں نے بحیثیت مہمان خصوصی اس ایونٹ کی تقاریب میں شرکت کرتے ہوئے شرکاء کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ امباٹی رائیڈو ، ٹی سمن اور ارجن یادو جیسے کئی کھلاڑی بوسٹن کرکٹ ٹورنمنٹ کھیل چکے ہیں اور آگے چل کر وہ آئی پی ایل اور انڈین کرکٹ ٹیم کا بھی حصہ بنے۔ کرسپانڈنٹ بوسٹن مشن ہائی اسکول شاکر احمد (09246362299) کے مطابق اس ٹورنمنٹ میں نامور اسکولس اور اکیڈیمیوں نے متواتر حصہ لیا ہے جیسے ڈان باسکو اسکول ، آل سینٹس اسکول ، لٹل فلاور اسکول ، گوتم اسکول ، حیدرآباد پبلک اسکول ، سوپر کیاٹ کرکٹ اکیڈیمی ، ارشد ایوب اکیڈیمی وغیرہ ۔ ونرس اور رنرس کو ٹرافیاں دیئے جاتے ہیں اور مین آف دی میچ ، مین آف دی سیریز، بسٹ بیٹسمین ، بسٹ بولر اور بسٹ فیلڈر کے ایوارڈ بھی عطا کئے جاتے ہیں۔ مزید تفصیلات کیلئے اسپورٹس کوچنگ فاؤنڈیشن کے بانی سائی بابا سے 09396559440پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔