شاہی امام کی الیکشن کمیشن سے تاریخ بدلنے کی اپیل
نئی دہلی۔/2مئی، ( فیکس ) شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفتی محمد مکرم احمد نے آج جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں مسلمانوں کو تاکید کی کہ وہ ماہ رجب کی فضیلت کو سمجھیں اور عبادات و صوم و صلوٰۃ کی پابندی کرتے ہوئے ماہ رمضان کے استقبال میں مصروف ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ 29جمادی الثانی کو چاند نظر آگیا لہذا شب معراج مورخہ26مئی بروز پیر ہوگی۔ شاہی امام نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپیل کی کہ مسلم عوام کی درخواست پر توجہ کرتے ہوئے الیکشن کے نتائج کے اعلان کی تاریخ 16مئی جمعہ کے روز کی بجائے دوسری تاریخ مقرر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ بدلنا مشکل ضرور ہے لیکن اس سے الیکشن نتائج میں شفافیت لانے میں مدد ملے گی۔
یہ الیکشن پورے ملک کا ہے اور ہزاروں بلکہ لاکھوں مسلمان اس سے جڑے ہوئے ہیں۔ مسلم امیدواران، مسلم کاؤنٹنگ ایجنٹ، مسلم افسران، مسلم صحافی، اور میڈیا کے لوگ ، مسلم امیدواروں کے لاکھوں پیروکار جمعہ کی نماز کی وجہ سے اپنی مشغولیات میں کلی طور پر متوجہ نہیں ہوسکیں گے اور اس سے الیکشن نتائج کی شفافیت یقینی طور پر متاثر ہوگی لہذا اس کو بدلنے میں حرج نہیں ہونی چاہیئے۔ الیکشن کمیشن کو ان باتوں کی طرف خود ہی توجہ کرنی چاہیئے تھی۔ شاہی امام مفتی مکرم احمد نے چینائی ( مدراس ) کے حالیہ ریلوے اسٹیشن کے بم دھماکوں کی مذمت کی اور ان کے پیچھے سیاسی عوامل کا ہاتھ ہونے کا شک ظاہر کیا۔ شاہی امام نے ان دھماکوں کی اعلیٰ سطحی جانچ اور تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے دھماکے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ بغیر جانچ کے ان دھماکوں کا الزام مسلمانوں پر نہیں ڈالنا چاہیئے چونکہ بم دھماکوں میں اکثریتی فرقہ کے لوگ بھی ملوث پائے جاچکے ہیں اور اس کے پیچھے کوئی سیاسی کھیل بھی ہوسکتا ہے۔