15 اکٹوبر کو پاکستان کیخلاف مقابلہ

نئی دہلی ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی جونیر ہاکی ٹیم جوکہ ملیشیاء میں منعقد شدنی سلطان آف جوہر کپ میں شرکت کیلئے ان عزائم کے ساتھ روانہ ہوچکی ہے کہ وہ اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کرے گی۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم اس ٹورنمنٹ کیلئے پسندیدہ ٹیم کا موقف رکھتی ہے جس کے کوچ ہریندرا سنگھ نے ان عزائم کا اظہار کیا ہیکہ 12 تا 19 اکٹوبر منعقد شدنی ٹورنمنٹ میں ہندوستانی ٹیم اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کرے گی۔ ہریندرا نے کہا ہیکہ چوتھے سلطان آف جوہر کپ کیلئے ہاکی ٹیم کے کھلاڑی مکمل طور پر پراعتماد ہیں۔ جیسا کہ ٹیم کی یہاں روانگی سے قبل ان کے جذبہ کو دیکھا جاسکتا ہے۔ روانگی سے قبل انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹیم بالکل نئی ہے لیکن تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان ہم آہنگی ہوئی ہے جس نے کھلاڑیوں کو ایک اکائی میں تبدیل کردیا ہے۔ انڈر 21 زمرہ کے اس باوقار ہاکی ٹورنمنٹ میں ہندوستان کے علاوہ دیگر ٹیموں میں پاکستان، آسٹریلیا، برطانیہ، نیوزی لینڈ اور میزبان ملیشیاء شامل ہیں۔ 18 رکنی ہندوستانی ٹیم کی قیادت ہرجیت سنگھ کررہے ہیں اور 12 اکٹوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف افتتاحی مقابلہ کھیلے گی۔ 13 اکٹوبر کو ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ 15 اکٹوبر کو منعقد شدنی مقابلہ میں پاکستان حریف ٹیم ہوگی۔ علاوہ ازیں 18 اکٹوبر کو ٹیم اپنا آخری گروپ مقابلہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ کپتان کے بموجب نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلہ اہمیت کا حامل ہوگا کیونکہ ٹیم ٹورنمنٹ کا آغاز کامیابی کے ساتھ کرنا چاہتی ہے۔