یروشلم ، 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے فلسطین کی مغربی کنارے کی فٹبال ٹیم کو غزہ میں داخلے کی اجازت دے دی ہے ۔ مغربی کنارے کی ٹیم کا غزہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ فلسطین کی فٹ بال کلبس کے درمیان ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کپ کے سلسلے میں دو میچز کھیلے جائیں گے ۔ پہلا میچ کل غزہ میں ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں دونوں ٹیمیں9 اگست کو ہبرون میں مدمقابل ہونگی۔ گزشتہ پندرہ برس میں یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیل نے فلسطین کی فٹبال ٹیم کو مغربی کنارے میں میچ کھیلنے کی اجازت دی ہے۔
آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کیس
سپریم کورٹ کا سماعت سے اتفاق
نئی دہلی ، 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں اس عرضی کی کل سماعت سے اتفاق کرلیا جس میں جسٹس مکل مڈگل کمیٹی کی بعض کھلاڑیوں کے ناموں والی رپورٹ کی جسٹس آر ایم لودھا پیانل کو حوالگی چاہی گئی ہے، جو بی سی سی آئی کیلئے انتظامی اصلاحات پر غور کررہا ہے۔ یہ عرضی کرکٹ اسوسی ایشن آف بہار نے داخل کی جسے جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی سہ رکنی بنچ سے رجوع کیا گیا، جس نے اسے کل دوپہر 2 بجے سماعت کیلئے رکھنے کا حکم دیا۔