ممبئی۔ 26؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ راجستھان رائلس کے خلاف سنسنی خیز مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے آئی پی ایل کے رواں ایڈیشن میں ممبئی انڈینس نے پلے آف میں رسائی حاصل کرلی ہے، تاہم اسے اس کامیابی کے لئے اندرون 15 اوورس 189 رنز کے ہمالیائی نشانہ کا تعاقب کرنا تھا جس کا اس نے کامیابی کے ساتھ تعاقب کیا ہے۔ اس سنسنی خیز کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ جب امباٹی رائیڈو رن آؤٹ ہوئے تو اس موقع پر 14.3 اوورس میں اسکور مساوی ہوگیا تھا اور ہم یہ واضح طور پر نہیں جانتے تھے کہ آئندہ مرحلہ کے لئے کونسی ٹیم کوالیفائی ہوئی ہے اور ہمیں اس بات کا ذرا بھی گمان نہ تھا کہ 14.3 اوورس میں میچ ٹائی ہوگا۔ روہت شرما نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم 14.2 اوورس یا اس سے قبل کامیابی حاصل کرنا چاہتی تھی، لیکن جب 14.3 اوورس میں میچ ٹائی ہوگیا تو نتیجہ کے متعلق صورتِ حال غیر واضح تھی۔ روہت شرما نے کہا کہ بڑے اسکرین پر مقابلہ کے متعلق سب کچھ ڈسپلے کیا جارہا تھا، لیکن میں نے اس طرف دھیان نہیں دیا، کیونکہ ہمارے تجزیہ نگار مسلسل مقابلہ کے نتیجہ پر کام کررہے تھے۔