نئی دہلی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بیس نومبر 2013 کو ممبئی میں پرتھوی شا نے 546 رن بناکر اعلان کردیا تھا کہ وہ ٹیم کا مستقبل ہیں۔ پرتھوی شا نے اس اننگز کے پانچ سال بعد ٹیم کیلئے ڈیبیو بھی کرلیا۔ اپنے پہلے ہی ٹسٹ میں شا نے سنچری بھی بنائی تھی۔ پرتھوی شا جیسا بیٹسمین پاکر ٹیم بھی کافی خوش ہے اور اب ہندوستانی ٹیم کی یہ خوشی دوگنی ہونے والی ہے ، کیونکہ پرتھوی شاجیسا ایک اور بیٹسمین مل گیا ہے۔ دراصل وڈوڈرہ میں 14 سالہ پریانشو مولیا نے شری ڈی کے گائیکواڑ انڈر 14 ٹورنامنٹ میں 556 رنوں کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی ہے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ پریانشو نے صرف 319 گیندوں میں 556 رن بنائے۔ اپنی اس اننگز میں پریانشو نے 98 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ دو روزہ اس میچ کے پہلے دن پریانشو نے حریف ٹیم یوگی کرکٹ اکیڈمی کو صرف 52 رنوں پر سمیٹ دیا۔ اس کھلاڑی نے کل چار وکٹ لئے۔ اس کے بعد پریانشو نے پہلے ہی دن تنہا 408 رن بنائے ا۔ دوسرے دن پریانشو نے مزید 148 رن بنائے اور وہ 556 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ یادرہے کہ پریانشو مولیا ہندوستان کے سابق آل راونڈر مہندر امرناتھ سے کرکٹ کے ہنر سیکھ رہے ہیں۔