12% تحفظات کیلئے ’’سیاست ‘‘ کی تحریک کی ستائش

ظہیرآباد۔ 25 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر سب سے پہلے جو وحی نازل ہوئی تھی، وہ پڑھنے سے متعلق تھی۔ اس بات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ علم کے بغیر انسان کی زندگی ادھوری ہے۔ علم ایک ایسی روشنی ہے جس سے انسان دونوں جہانوں میں کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد اطہر احمد صدر مسلم ڈیولپمنٹ اسوسی ایشن ضلع میدک نے ایم ڈی اے کے کیلنڈر 2016ء کی تقریب رسم اجراء کے موقع پر کیا۔ رسم اجرائی کی تقریب بھیم بھوانی فنکشن ہال ظہیرآباد میں منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ڈیولپمنٹ اسوسی ایشن صرف اور صرف مسلمانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے قائم کی گئی ہے جس کا احیاء 16 جنوری 2017ء کو عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں کہا تھا کہ وہ اقتدار میں فائز ہونے کے بعد ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں کو 12% تحفظات جاری کریں گے لیکن وہ اب کچھ بھی کرنے سے قاصر نظر آرہی ہے۔ 12% تحفظات کے لئے ایم ڈی اے حلقہ ظہیرآباد، چار منڈلوں کوہیر، ظہیرآباد، نیالکل، جھرہ سنگم کے علاوہ دیگر سیاسی قائدین کو 12% کے مطالبہ پر یادداشتیں پیش کی ہے۔ اس کے علاوہ شادی مبارک کے حصول کے لئے تقریباً 190 غریب خاندانوں کی رہنمائی کی ہے۔ محمد عرفات محی الدین جوگی پیٹ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ آزادی کے دوران مسلمانوں نے جو قربانیاں دی ہیں، اس کو فراموش کردیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک میں مسلمانوں نے کافی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسلمانوں سے وعدہ کیا تھا کہ ٹی آر ایس حکومت قائم ہوتے ہی صرف 4 ماں میں شعبہ تعلیم اور ملازمت میں 12% تحفظات دیں گے لیکن اس معاملے میں کوئی پیشرفت نظر نہیں آرہی ہے۔ ایم ڈی اے جمہوری انداز میں مسلمانوں کو تحفظات ملنے تک جدوجہد جاری رکھے گی۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی کوششوں کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کوئی مسلمانوں کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ سب سے پہلے روزنامہ سیاست اخبار آواز اٹھاتا ہے۔ روزنامہ سیاست اخبار نہیں بلکہ ایک تحریک ہے۔ صدر جماعت اسلامی ظہیرآباد محمد ناظم الدین غوری نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ڈیولپمنٹ اسوسی ایشن مسلمانوں کے کاز کے لئے بہترین خدمت انجام دے رہے ہیں۔ جناب محمد اکبر علی کوآپشن ممبر ظہیرآباد منڈل نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ جناب شیخ عبدالوحید ظہیرآباد ٹاؤن صدر ایم ڈی اے نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تقررات کے بعد تحفظات دنیا کو تو معنیٰ نہیں رکھتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے خواہش کی ہے کہ پولیس ریوینیو پنجایت راج کے علاوہ دیگر محکمہ جات میں بھرتی ہونے کے اچھی طرح تیار ہوجائیں۔ محمد عبدالقدیر، جناب محمد عمر احمد صدر ٹی آر ایس کوہیر منڈل اور محمد تسلیم الدین نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر نظامت کے فرائض محمد عامر عبداللہ نے انجام دیئے۔ اس موقع پر محمد زبیر احمد ایڈوکیٹ، برکت علی، محمد اکبر علی، کوآپشن ممبر، بلدیہ ظہیرآباد، محمد غوث الدین، محمد عثمان کے علاوہ ایم ڈی اے کے ذزہ داروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔