نئی دہلی ۔ 8 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف تین ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 12 تا 16 اگسٹ گال میں کھیلے گی ، جیسا کہ سونی سکس جو اس سیریز کے نشریاتی حقوق حاصل کئے ہیں اس نے یہ تفصیلات فراہم کی ہیں جبکہ سری لنکا کے عظیم بیٹسمین کمارا سنگاکارا اپنے شاندار کیرئیر کا آخری مقابلہ ہندوستان کے خلاف کولمبو میں کھیلیں گے ۔ سونی سکس نے نشریات کے متعلق تفصیلات فراہم کردی ہیں لیکن بی سی سی آئی نے ابھی اس پروگرام کو قطعیت نہیں دی ہے ۔ سونی سکس کی تفصیلات کے بموجب سنگاکارا اپنے کیرئیر کا آخری ٹسٹ 20 تا 24اگسٹ کو کولمبو میں کھیلیں گے جبکہ سیریز کا آخری مقابلہ 28 اگسٹ تا یکم سپٹمبر پالی کیلے میں منعقد ہوگا ۔ سونی سکس اسوسی ایشن کا سری لنکا کرکٹ کے ساتھ اشتراک ہے ، اس حوالے سے سری لنکا کرکٹ بورڈ کے چیرمین سدھارتھ ویدھی مونے نے کہا ہے کہ سونی سکس نے خود کو اسپورٹس کے چینلس میں ایک معروف چینل کے طورپر منوایا ہے اور ہندوستان کے ساتھ ہونے والی اس سیریز کے نشریاتی حقوق بھی حاصل کئے ہیں ۔ انھوں نے مزید کہاکہ اسپورٹس کے نشریات میں اس ادارے کے ریکارڈس کافی شاندار ہیں
اور اُمید ہے کہ بورڈ کی جانب سے نشریاتی حقوق جو اس چیانل کو دیئے گئے ہیں وہ ایک بہتر فیصلہ ہے ، جیسا کہ کرکٹ کے شائقین کو دونوں ممالک کے درمیان بہتر کرکٹ دیکھنے کو ملے گی ۔ واضح رہے سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بیٹسمین کمارا سنگاکارا نے پہلے ہی یہ اعلان کردیا ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف منعقد شدنی سیریز کے دوران دوسرے ٹسٹ کے بعد وہ طویل طرز کی کرکٹ سے بھی سبکدوش ہوجائیں گے ۔ قبل ازیں بی سی سی آئی کا منصوبہ ہے کہ ہندوستان کے آئندہ ماہ تین ٹسٹ کی سیریز کیلئے سری لنکا کرکٹ ٹور کو کم از کم ایک ہفتہ پیشگی کردیا جائے۔ ہندوستان طئے شدہ پروگرام کے مطابق زمبابوے سے تین او ڈی آئی اور دو ٹوئنٹی 20مقابلوں کی سیریز کھیلنے والا ہے اور اس ٹور کا آخری میچ 19 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔ بی سی سی آئی کے ذریعہ نے کہا: ’’ہم قواعد کار پر کام کررہے ہیں اور پروگرام دو، تین یوم میں معلوم ہوجائے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ انڈین ٹیم کی سری لنکا سے 2 ستمبر کے آس پاس واپسی ہوجائے تاکہ انھیں ایک ماہ کا آرام ملے جس کے بعد اکٹوبر؍ نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز ہے۔ یہ ٹور 11 اگسٹ کے آس پاس شروع ہونا ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ اسے ایک ہفتہ پیشگی کریں کیونکہ زمبابوے سے ٹیم 20 جولائی تک واپس ہوجائے گی۔