کیا جنوبی سوڈان اپنا پہلا فٹبال ورلڈ کپ کھیلے گا؟

جوبا (جنوبی سوڈان) ، 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی سوڈان کی فٹبال ٹیم اپنے پہلے ورلڈ کپ کوالیفائر میں کھیلتے ہوئے موریطانیہ کی ٹیم کا سامنا کررہی ہے۔ جنوبی سوڈان اپنی آزادی کے ایک سال بعد یعنی 2012ء سے بین الاقوامی فٹبال سے وابستہ ہے اور یہ جنوبی سوڈان کیلئے بڑا چیلنج ہے۔ 5 سپٹمبر کو کھیلے گئے افریکا کپ آف نیشنز 2017ء کے کوالیفائنگ میچ میں ایکواٹوریل گنی کو 0-1 سے شکست دینے کے بعد جنوبی سوڈان کی ٹیم کافی پُرجوش ہے۔ جنوبی سوڈان کے کپتان رچرڈ جسٹن لاڈو نے فیفا ویب سائٹ کو بتایا کہ ’’ہم مکمل طور پر تیار ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے اور ہم حیرت انگیز کھیل پیش کرسکتے ہیں‘‘۔ انھوں نے کہا: ’ ’ہمارے کوچ سونگی جیا لی نے کھیل کا ایسا انداز تشکیل دیا ہے جو دفاعی نظم وضبط اور جوابی حملوں پر مبنی ہے۔ اور میرا خیال ہے کہ اس کی بدولت ہم دوسری ٹیم کا کچھ نقصان کرسکتے ہیں۔ بہت سی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے ہمیں جیتنے کی ضرورت ہے اور ہم جیتیں گے۔‘‘ تاہم فیفا رینکنگ میں موریطانیہ کا جنوبی سوڈان کے مقابل 55 درجے بہتر رینک ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ وہ کھیل پر اپنی اجارہ داری برقرار رکھیں گے۔ پانچ افریقی ٹیمیں دو ناک آؤٹ راؤنڈز اور ایک گروپ مرحلہ کھیلنے کے بعد 2018ء کے فٹبال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گی جو کہ روس میں کھیلا جائے گا۔