تباہی سے نمٹنے سائنٹفک طریقہ کار ضروری : کرن رجیجو کا خطاب
نئی دہلی 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں بیشتر مقامات آفات سماوی سے متاثر ہوتے ہیں اور حکومت کسی بھی آفت سے نمٹنے کیلئے سائنسی طریقہ کار اختیار کر رہی ہے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ کرن رجیجو نے یہ بات بتائی ۔ انہوںنے کہا کہ ہندوستان میں اکثر و بیشتر کئی طرح کے آفات آتے رہتے ہیں اور ہندوستان کے بیشتر علاقہ اس سے متاثر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی حکومتوں اور دوسرے متعلقہ حکام کو چاہئے کہ وہ ان آفات سے نمٹنے تیار رہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے 11 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرن رجیجو نے کہا کہ حکومت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کیلئے ہر طرح کی کوششیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب مرکزی حکومت کی جانب سے صد فیصد کوشش ہو رہی ہے کہ اس طرح کی آفات کے نقصانات کم سے کم ہوں اور تمام متعلقہ مسائل سے نمٹنے میں کوئی کسر باقی نہ رہ جائے ۔ رجیجو نے کہا کہ آفات کے نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے سائیسنی پہلو کو ذہن نشین رکھنے کی ضرورت ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے کوششیں بھی سائنٹفک انداز میں ہونی چاہئیں۔ کرن رجیجونے کہا کہ ہر ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ خود اپنی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم تیار کرے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں اولین ایشیائی وزارتی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔