لوک سبھا میں عدم رواداری کا مسئلہ

ترنمول کانگریس کے بنڈوپادھیائے کاوزیراعظم سے بیان دینے کا مطالبہ
نئی دہلی ۔26نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن پارٹیوں نے آج لوک سبھا میں عدم رواداری کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ ماضی قریب میں ناخوشگوار واقعات دیکھے گئے ہیں جن کی مذمت کی جانی چاہیئے کیونکہ وہ ’’ منفی پیغام ‘‘ دیتے ہیں ۔ اپوزیشن نے وزیراعظم نریندر مودی سے اس مسئلہ پر لوک سبھا سے خطاب کرنے کی خواہش کی ۔ مباحث میں شرکت کرتے ہوئے جو دستور سے وابستگی کے بارے میں منعقد کیا گیا تھا ۔ ترنمول کانگریس کے قائد سدھیر بنڈو پادھیائے نے کہا کہ عدم رواداری کا ہر واقعہ قابل مذمت ہے اور اس کو کسی نقطہ نظر سے باوقار فنکاروں بشمول عامر خان کی جانب سے اپنے ہی وطن میں بے چینی محسوس کرنے کو دیکھا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ عدم رواداری کے چند واقعات ’’ منفی پیغامات‘‘ دے رہے ہیں اور وزیراعظم کو اس موقع پر اس مسئلہ پر ایوان سے خطاب کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شاہ رخ خان ‘ عامر خان ‘ اے آر رحمن جیسے فنکاروں کی اپنے ہی وطن میں بے چینی کے احساس کا جائزہ لینا چاہیئے کہ وہ ایسا کیوں کہہ رہے ہیں ۔ امبیڈکر کی 125ویں یوم پیدائش تقریب کے موقع پر پارلیمنٹ میں مباحثہ منعقد کیا گیا تھا ۔ وزیراعظم ایسے واقعات کے خلاف بیانات دے چکے ہیں لیکن انہوں نے ہندوستان میں نہیں بلکہ بیرون ملک ایسے بیانات دیئے ہیں ۔ ہندوستان کی بحیثیت روادار ملک اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے بنڈوپادھیائے نے کہا کہ جب عدم رواداری کے واقعات ہوتے ہیں تو ذمہ داری حکومت کے کندھوں پر ہوتی ہے ۔ لثرت میں وحدت کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں ایک بار پھر پورے دستور سے اپنی وابستگی کا عہد کرنا چاہیئے ۔ ہر شہری اور ہر مذہب کو اپنے رسوم و رواج پر عمل کرنے اور اپنے انداز میں ان کو نافذ کرنے کی آزادی حاصل ہے ۔