سابق ڈائرکٹر سی بی آئی رنجیت سنہا کیخلاف تحقیقات

سپریم کورٹ کی مقرر کردہ تحقیقاتی ٹیم کو ملاقاتیوں کی ڈائری کی نقل مطلوب
نئی دہلی ۔30 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ کی مقرر کردہ تحقیقاتی ٹیم جو اسپیشل ڈائرکٹر سی بی آئی ایم ایل شرما کی زیرقیادت سابق ڈائرکٹر سی بی آئی رنجیت سنہا کے خلاف تحقیقات کررہی ہے ، آج سابق ڈائرکٹر کے ملاقاتیوں کی ڈائری کی نقل طلب کی ہے ۔ تین ججس پر مشتمل بنچ نے جس کی قیادت جسٹس مدن بی لاکور کررہے ہیں جو کوئلہ بلاکس مختص کرنے کے اسکام سے متعلق مقدمہ کی سماعت کررہی ہے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ یہ دستاویز اہمیت رکھتی ہے ۔ جسٹس کورین جوزف اور جسٹس اے کے سیکری پر مشتمل بنچ نے بھی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی درخواست دوسری بنچ کے سپرد کردی ہے جس کی صدارت چیف جسٹس ایچ ایل دتو کررہے ہیں ۔ ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے عدالت کے احکام کی تعمیل میں ایک سربمہر لفافہ میں یہ ڈائری عدالت میں داخل کی تھی ۔ چیف جسٹس آف انڈیا کی زیرصدارت بنچ 2G اسکام سے متعلق مقدمات کی نگرانی کررہی ہے ۔ اس نے قبل ازیں ملاقاتیوں کی ڈائری طلب کی تھی ۔