محبوب نگر 2 جنوری (فیاکس) جمعیۃ العلماء محبوب نگر کے زیراہتمام آج 3 جنوری کو ضلع پریشد گراؤنڈ محبوب نگر میں منعقد شدنی جلسہ عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ و سلم کی پرزور تائید کرتے ہوئے جناب حلیم بابر صدر بزم کہکشاں و تمام محبان رسول نے اپنے پیام میں کہاکہ اس جلسہ میں شرکت کو ہر مسلمان لازمی قرار دے اور یہ ایمان کا تقاضہ بھی ہے۔ اس جلسہ میں مقامی و بیرون دانشوران ملت و علماء کرام کے خطابات یقینا اس بات کی پرزور نمائندگی کریں گے کہ ملعون گستاخ رسول کملیش تیواری کو سخت ترین سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کی گستاخی نہ کرسکے۔ تاریخ شاہد ہے کہ ابتداء سے اسلام رواداری کا حامل ہے اور اس نے کبھی بھی کسی بھی مذہب کی مذمت یا تنقید نہیں کی۔ بلکہ دردمندانہ و مخلصانہ انداز میں اسلام کے حق پرست و روشن پہلوؤں کو اپنانے کی تبلیغ کی جہاں ظلم و جبر شامل نہیں تھا۔ توقع کی جاتی ہے کہ اس عظیم الشان جلسہ میں زیادہ سے زیادہ احباب کی شرکت رضائے الٰہی و خوشنودیٔ رسول کا مظہر ہوگی۔