نئی دہلی۔یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کے کانگریسی قائدین نے آج متفقہ طور پر ترنمول کانگریس کے ساتھ اتحاد کے نظریہ کو مسترد کردیا ‘ تاہم ترنمول کانگریس کے ساتھ مخلوط حکومت کے قیام کے سلسلہ میں ان کی رائے منقسم ہے ۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے ریاست میں جاریہ سال اسمبلی انتخابات سے پہلے پارٹی ارکان سے مشاورت کی ہے ۔ ریاستی صدر کانگریس ادھیر رنجن چودھری نے اجلاس میں کہا کہ ریاستی پارٹی قائدین مکمل طور پر ترنمول کانگریس کے ساتھ اتحاد کے مخالف ہیں جب کہ بعض نے بائیں بازو کے ساتھ اتحاد کی ضرورت پر زور دیاہے ۔ نائب صدر کانگریس نے صبر و تحمل سے تمام کی رائے کی سماعت کی اور ان سے کہا کہ صدر پارٹی سونیا گاندھی اس مسئلہ پر جلد ہی کوئی فیصلہ کریں گی ۔ انہوں نے کہاکہ مغربی بنگال میں ابھرتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر کانگریس ’’ فیصلہ کن عنصر ‘‘ ہے ۔ تاہم انہوں نے اپنی رائے ظاہر کرنے سے گریز کیا ۔